QR CodeQR Code

حکام بالا ہزارہ ٹاؤن میں تعلیمی زبوں حالی کا فی الفور نوٹس لیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

10 Mar 2014 12:44

اسلام ٹائمز: مرکزی سیکرٹریٹ‌ ایم ڈبلیو ایم سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام، صوبائی حکومت، متعلقہ ایم پی اے اور ایم این اے مذکورہ علاقے کے تعلیمی بحران کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ جسکے لئے اسباب و وسائل فراہم کرنا حکومت کی براہ راست ذمہ داری بنتی ہے۔ وطن عزیز پاکستان میں شرح تعلیم انتہائی کم ہے۔ لہذا حکومت کو چاہیئے کہ تعلیمی میدان میں ہنگامی بنیادوں پر اصلاحات کرے اور علم کی روشنی کو پاکستان کے کونے کونے تک پہنچائے تاکہ تہذیب و ترقی یافتہ قوموں کی صف میں پاکستان شامل ہو جائے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن کیساتھ شروع ہی سے تعلیمی حوالے سے امتیازی سلوک روا رکھا گیا ہے۔ ہزارہ ٹاون میں سرکاری کالج کا تو نام و نشان ہی نہیں۔ لاکھوں کی آبادی اور ہزاروں طلباء و طالبات کیلئے صرف ایک سکول موجود ہے۔ وہ بھی خستہ حالی کا شکار ہے۔ سکول کی عمارت بوسیدہ، تعلیمی وسائل، فرنیچرز اور ٹیچرز کا شدید فقدان پایا جاتا ہے۔ ایک کلاس روم میں سینکڑوں بچوں کو بٹھایا جاتا ہے۔ سکول میں سائنس لیبارٹری ہے نہ کھیل کے میدان۔ جسکی وجہ سے ہزاروں بچوں کا تعلیمی کیرئیر بری طرح تباہی سے دو چار ہے۔ بیان میں متعلقہ حکام، صوبائی حکومت، متعلقہ ایم پی اے اور ایم این اے سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ مذکورہ تعلیمی بحران کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں اور علاقے کی ضرورت کے مطابق سکولز، کالجز اور تعلیمی اداروں کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے لوگوں کا احساس محرومی ختم ہو جائے اور کوئی بچہ تعلیم سے بےبہرہ نہ رہے۔ بیان میں والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز میں والدین بچوں کے روشن مستقبل کیلئے اُنکی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دیں۔ اپنے پانچ سال کے بچوں کو سکول میں داخلہ دلوائیں تاکہ حتی الامکان تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ہو سکے۔


خبر کا کوڈ: 359888

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/359888/حکام-بالا-ہزارہ-ٹاؤن-میں-تعلیمی-زبوں-حالی-کا-فی-الفور-نوٹس-لیں-ایم-ڈبلیو-کوئٹہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org