0
Monday 10 Mar 2014 12:44

جاہل اقوام دنیا کے اندر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتیں، حاصل خان بزنجو

جاہل اقوام دنیا کے اندر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتیں، حاصل خان بزنجو

اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی قائمقام صدر سینیٹر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ عام لوگوں کی تکلیف کو محسوس کرکے اس کا حل نکالنا ہی نیشنل پارٹی کی بنیادی فکر ہے۔ مشکل حالات میں چیلنج سمجھ کر حکومت قبول کی۔ تعلیم کو عام کیا جائے گا۔ ریکوڈک منصوبہ شروع کرکے بلوچستان کو معاشی خوشحالی دلائیں گے۔ جاہل اقوام دنیا کے اندر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی اور ترجمان حکومت بلوچستان جان بلیدی سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ حاصل بزنجو نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں مختصر مدت کے اندر ڈیتھ اسکوارڈ مسلح دفاع کو غیر مسلح کرکے ان کے بنائے گئے نو گو ایریا ختم کرائے۔ سیاسی کارکنوں کی مسخ شدہ لاشیں گرانے کا عمل رکوانے میں کامیابی حاصل کی۔ لاپتہ افراد کا معاملہ بھی نیشنل پارٹی ہی کے دور حکومت میں حل ہو جائے گا۔ ذمہ دار جماعت ہونے کے ناطے نیشنل پارٹی بلوچستان کے مسائل کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ نیشنل پارٹی کی قیادت کو اس سرزمین اور یہاں بسنے والے عوام کے ساتھ دلی لگاؤ اور سیاسی وابستگی ہے۔ ہم عوام اور قومی و بنیادی حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ کارکن ہمارا سرمایہ ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

نواب محمد خان شاہوانی نے اپنے خطاب میں جہانگیر بلوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو لوگ اپنی زندگی دوسروں کی خاطر وقف کرتے ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ ہماری جدوجہد امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے ہے۔ جدوجہد کی راہ میں بہت سے تکالیف اٹھانی پڑتی ہیں مگر ہم پرعزم ہیں کہ مشکلات پر قابو پالیں گے۔ عوام اور کارکنوں کے ساتھ مل کر علاقائی اور عوامی مسائل کو حل کریں گے۔ عوامی وسائل عوام ہی کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہوں گے۔ جان بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک مقصد کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہمیں فراخدلی اور بالغ نظری سے کام لینا ہوگا۔ مستونگ کا بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں اپنا ایک نمایاں مقام ہے۔ اس وقت بلوچستان انتہاء پسندی، جہالت اور غربت جیسے مسائل میں جکڑا ہوا ہے۔ اس صورتحال سے بلوچستان کو نکالنے کیلئے مثبت سیاسی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ہم سنجیدہ سیاست کی بدولت ان معاملات کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ بے روزگاری سے نمٹنے کیلئے نیشنل پارٹی جامہ حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ جن کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔

خبر کا کوڈ : 359891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش