0
Tuesday 11 Mar 2014 01:13

واضح کہتا ہوں مذاکرات نہ کرنے والے طالبان کو کچل دیا جائے،عمران خان

واضح کہتا ہوں مذاکرات نہ کرنے والے طالبان کو کچل دیا جائے،عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں طالبان خان کہنے والی جماعتیں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی نے خود خطے میں امریکا کی جنگ لڑی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی اس سلسلے میں ہم عدالت بھی گئے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جس کی وجہ سے خوشاب میں ضمنی انتخابات میں کھل کر دھاندلی کی گئی، جمعرات کو وہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے جس میں وہ عام انتخابات کے 4 حلقوں اور ضمنی انتخابات کی دھاندلی سے متعلق بات کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں آج جتنا برا حال عوام کا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، ملک میں مہنگائی کی انتہا ہے، یہاں پانی ہے نہ بجلی۔ تھرپارکر کے قحط کی ذمہ دار جاگیردارانہ ذہنیت ہے، جب لوگوں کے مال مویشی مر رہے تھے تو وہاں فیسٹیول منایا جا رہا تھا، کیا سندھ حکومت کو ایک ماہ قبل صورتحال کا علم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ان کا موقف واضح ہے کہ جو گروپ مذاکرات کرتا ہے اس سے بات کی جائے اور جو مذاکرات نہیں کرتا اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں کچل دیا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی کے رہنما انہیں طالبان خان کہتے ہیں درحقیقت انہوں نے ہی 5 سال امریکا کی جنگ لڑی، اس کے لئے ایک سیاسی جماعت کی رہنما کو این آر او دلوایا گیا، ایک جماعت کے سربراہ پر ان کی والدہ اور ماموں ہی ڈالر لینے کا الزام لگا رہے ہیں اور ایک جماعت کے قائد 20 برسوں سے برطانوی شہریت لئے بیٹھے ہیں۔ عمران خان اس دوران نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے کئے گئے سوال کا جواب گول کر گئے۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے عمران خان کی رہائش گاہ پر آ کر ان سے ملاقات کی تاہم اس ملاقات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے اور میڈیا کو بھی اس تک رسائی نہیں دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 360207
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش