0
Thursday 13 Mar 2014 08:13
طالبان کمیٹی آج بات چیت کیلئے شمالی وزیرستان جائیگی

مولانا سمیع الحق کی چوہدری نثار سے ملاقات، نئی حکومتی ٹیم پر اظہار اعتماد

مولانا سمیع الحق کی چوہدری نثار سے ملاقات، نئی حکومتی ٹیم پر اظہار اعتماد
اسلام ٹائمز۔ طالبان کمیٹی کے رہنما مولانا سمیع الحق نے وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کمیٹی آج شمالی وزیرستان کا دورہ کرے گی اور نئی حکومتی کمیٹی اور طالبان کی ملاقات کیلئے وقت اور جگہ کا تعین ہوگا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مذاکرات میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، تاکہ دشمن عناصر کا راستہ روکا جاسکے۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی کمیٹی شمالی وزیرستان میں طالبان کے ساتھ بات چیت کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت امن کی راہ پر چلنے والوں کا خیرمقدم کرے گی جبکہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ قبل ازیں مولانا سمیع الحق نے حکومت کی جانب سے قائم کردہ نئی کمیٹی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نئی کمیٹی میں محب وطن اور تجربہ کار شخصیات شامل ہیں، امید ہے یہ کمیٹی مذاکراتی عمل کو درست سمت میں آگے بڑھائے گی۔ نئی کمیٹی کے ساتھ مل کر مذاکرات کا شیڈول طے کیا جائے گا۔ طالبان کمیٹی کے ایک اور رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ انتظار تھا کہ حکومت کب نئی کمیٹی تشکیل دے گی، مذاکراتی عمل اب مزید آگے بڑھے گا۔ 

چوہدری نثار نے طالبان کمیٹی کو ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور حکومتی کمیٹی کی تشکیل پر طالبان کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔ حکومتی کمیٹی کے ایک رکن کا بھی طالبان کمیٹی کے ساتھ دورے کا امکان ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ امید ہے نئی حکومتی کمیٹی کے قیام سے مذاکراتی عمل تیز ہو جائے گا۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کمیٹی میں فوج کا نمائندہ نہیں ہوگا۔ طالبان کمیٹی پولیو مہم کا معاملہ طالبان کے سامنے اٹھانے پر رضامند ہوگئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق شمالی وزیرستان میں پولیو مہم شروع کرنے کیلئے طالبان سے بات کی جائے گی۔ وزارت خارجہ نے طالبان کمیٹی کو تحریک انصاف کے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔ آن لائن کے مطابق مولانا سمیع الحق نے کہا ہے  ہم انتہائی گرم جوشی  کے ساتھ اس کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہیں،  الحمدللہ نئی حکومتی  کمیٹی بن گئی ہے، نئی کمیٹی  میں جو  نام سامنے  آئے ہیں  وہ اچھے، نیک نام اور محب وطن شخصیات ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ انشاءاللہ  یہ شخصیات  صحیح طریقے سے مذاکرات کے اگلے مراحل آگے بڑھائیں گے۔ امید ہے قوم کو مستقل امن کی خوشخبری ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 361122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش