0
Saturday 4 Sep 2010 11:34

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم القدس پر مظاہرے، فلسطینیوں کو مسجد اقصی میں نماز جمعہ سے روک دیا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم القدس پر مظاہرے، فلسطینیوں کو مسجد اقصی میں نماز جمعہ سے روک دیا گیا
لاہور،اسلام آباد:اسلام ٹائمز - وقت نیوز کے مطابق قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم القدس منایا گیا،احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا گیا اور اسرائیلی فوجیوں نے نمازیوں کو مسجد میں داخل نہیں ہونے دیا جبکہ لاہور سمیت ملک بھر میں سانحہ کربلا گامے شاہ اور سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت کی گئی اور انکے خلاف احتجاجی جلوس نکالے گئے اور مظاہرے کئے گئے۔مظاہروں کے دوران بیت المقدس اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں اور امریکہ،اسرائیل اور بھارت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء نے وزیر داخلہ رحمن ملک اور صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
لاہور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسلام پورہ سے فیصل چوک تک یوم القدس ریلی نکالی گئی،جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ مسجد صاحب العصر الزمان اسلام پورہ سے نکلنے والی ریلی سول سیکرٹریٹ،ناصر باغ،جی پی او،ریگل چوک سے گزرتی ہوئی پنجاب اسمبلی کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکا مرکزی اور صوبائی حکومتوں کیخلاف نعرے بازی بھی کرتے رہے اور امریکی صدر اوباما کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ 
اسلام آباد میں حمایت مظلومین کمیٹی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی،جو دربار سخی محمود شاہ سے شروع ہو کر آبپارہ چوک سے ہوتی ہوئی واپس دربار چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ 
کراچی میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام چورنگی سے ریگل چوک تک ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی،بچے اور خواتین بھی یوم القدس ریلی میں شامل تھے۔مظاہرین نے سانحہ گامے شاہ اور کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی۔ 
حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام مرکزی امام بارگاہ فوارہ چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی،جو پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق سانحہ کربلا گامے شاہ کیخلاف انجمن جعفریہ کے زیراہتمام احتجاجی جلوس نکالا گیا،جو چوک یادگار پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گیا۔شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیعہ علماء کونسل،شیعان حیدر کرار اور اہلسنت جماعت کی زیر قیادت احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کھیالی دروازہ سے شروع ہو کر گوندلانوالہ اڈہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔شرکاء حکومت اور رانا ثنا اللہ کیخالف نعرے بازی کرتے رہے۔ 
لاہور میں ریلی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے،جبکہ پولیس کے ساتھ رینجرز کی گاڑیاں بھی ریلی کے ساتھ موجود تھیں۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پرچم،پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے،جن پر اسرائیلی جارحیت اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کے حق اور بیت المقدس کی آزادی کے نعرے درج تھے۔اس موقع پر مختلف قراردادوں کے ذریعے خودکش دھماکوں میں ملوث مجرموں کی عدم گرفتاری پر مذمت کی گئی،ایک قرار داد میں فلسطین میں غزہ کا محاصرہ کلی طور پر ختم کرنے مطالبہ کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی،علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ ابوذر مہدوی،آغا رضا مظفری اور دیگر علما نے خطاب کیا اور کہا کہ حکمران دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 36141
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش