QR CodeQR Code

حکمران بتائیں، سعودی عرب سے ڈیڑھ ارب ڈالر کن شرائط پر لئے؟ علامہ ناصر عباس جعفری

حکمرانوں نے ملک کو مشرقی وسطٰی میں جاری دہشتگردی کی دلدل میں دھکیلنے کی قیمت وصول کرلی ہے

14 Mar 2014 23:10

اسلام ٹائمز: صوبائی دفتر لاہور سے جاری پریس ریلیز کیمطابق ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں عدم دلچسپی دراصل اپنے عرب دوستوں کے احسانات کا بدلہ اور خواہشات کی تکمیل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کی جانب سے پاکستان کے میگا پراجیکٹ پاک ایران گیس پائپ لائن ایشو کو بورنگ قرار دینے کا بیان درحقیقت ملک کو درپیش توانائی کے سنگین بحران سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں موجودہ حکومت کی عدم دلچسپی اپنے عرب دوستوں کے احسانات کا بدلہ اور خواہشات کی تکمیل ہے۔ توانائی کے سستے ترین منصوبوں کو پش پشت ڈالنا غریب عوام کیساتھ ظلم اور پاکستان دشمن طاقتوں کی خوشنودی حاصل کرنا ہے، بجلی کے بلوں میں اضافہ غریب کشی کے مترادف ہے۔ انکا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے پر شادیانے بجانے والے بتائیں کہ ڈیڑھ ارب ڈالر سعودی عرب سے کن شرائط پر حاصل کئے گئے۔ گذشتہ سال عام انتخابات سے ہی پاکستان میں سعودی عرب کی مداخلت بڑھ گئی تھی، ریال کے زور پر منتخب ہونیوالی حکومت اب بیرونی قوتوں کے ایجنڈہ کی تکمیل پر عمل پیرا ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو مشرقی وسطٰی میں جاری دہشتگردی کی دلدل میں دھکیلنے کی قیمت وصول کر لی ہے۔ 
علامہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کا ذمہ دار وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمران جواب دیں کہ مذاکرات کے نام پر عوام اور سکیورٹی فورسز کا قتل عام کب تک جاری رہیگا۔ طالبان دہشتگردوں نے نئی مذاکراتی کمیٹی کو 17 بیگناہ پاکستانیوں کی لاشوں اور درجنوں زخمیوں کا تحفہ دیکر نام نہاد مذاکراتی عمل کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ دہشتگردوں کیخلاف حتمی کارروائی میں تاخیر ملک کیخلاف سوچی سمجھی سازش ہے۔


خبر کا کوڈ: 361787

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/361787/حکمران-بتائیں-سعودی-عرب-سے-ڈیڑھ-ارب-ڈالر-کن-شرائط-پر-لئے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org