QR CodeQR Code

پاکستان کو امریکی اور سعودی چنگل سے آزاد کرائینگے

عاشقان رسول (ص) پاکستان میں مذہبی، سیاسی اور معاشی یزیدوں کیخلاف متحد ہوگئے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

16 Mar 2014 21:51

اسلام ٹائمز: لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نواز شریف کی خارجہ پالیسی امریکی اور سعودی نواز ہے، سنی شیعہ مسلمانوں کو متحد کرکے پاکستان کو امریکی اور سعودی چنگل سے آزاد کرائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عاشقان رسول (ص) پاکستان میں مذہبی، سیاسی اور معاشی یزیدوں کے خلاف متحد ہوگئے ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ شکست ہمیشہ باطل کو ہوئی اور فتح حق کو نصیب ہوئی ہے، مجلس وحدت مسلمین ملک بھر کے سنی شیعہ مسلمانوں کو متحد کرکے پاکستان کو امریکی اور سعودی چنگل سے آزاد کرائے گی، نواز شریف کی خارجہ پالیسی امریکی اور سعودی نواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے زیراہتمام ممتاز گراونڈ خیرپور میں لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، وائس آف شہداء پاکستان کے ترجمان سینیٹر سید فیصل رضا عابدی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سنی اتحاد کونسل طارق محبوب، سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سندھ علامہ مختار امامی، علامہ حیدر علی جوادی، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ احمد اقبال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز شریف کی امریکی، اسرائیلی اور سعودی پالیسی کے تحت دہشتگردوں کو شام، چین، لبنان، افغانستان، عراق اور ایران بھیجنے کو پاکستانی قوم مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے نااہل وزیراعلٰی اور ناکام صوبائی حکومت نے خیرپور میں لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس کو ناکام بنانے کیلئے دفعہ 144 سمیت مختلف اوچھے ہتکھنڈے استعمال کئے، لیکن باطل قوتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ وادی مہران کے عاشقان رسول (ص) نے ممتاز گراونڈ خیرپور میں کامیاب لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس کا انعقاد کرکے ثابت کر دیا ہے کہ قوم دہشتگردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف متحد ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ محب وطن عاشقان رسول (ص) کو ایک لڑی میں پرونے اور سنی شیعہ کو متحد کرکے مظلوموں کو ان کا حق دلانے اور باطل یزیدی قوتوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل نے اپنے سفر کا آغاز کر دیا ہے، اب ہمارا رخ فیصل آباد اور بلتستان کی طرف ہوگا۔
 
لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس سے خطاب میں علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مذہبی، سیاسی اور معاشی یزید مذاکرات کے نام پر ملک میں یزیدی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں، جن کی شریعت میں مسلمانوں کے گلے کاٹنا جائز، چرچوں اور مندروں پر حملہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں جس نے بھی قرآن کی بے حرمتی کی وہ قابل مذمت ہے لیکن یہ محمدی شریعت نہیں کہ کسی ایک کے شرمناک فعل پر کسی بھی اقلیت کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جائے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بے غیرت حکمران غاروں اور بلوں میں چھپنے والے ڈرپوک دہشتگردوں سے ہمیں ڈراتے ہیں، عاشقان رسول ڈرنے والے نہیں فرعونیوں، ابو لہبیوں، ابو جہلیوں اور یزیدیوں کو ہمیشہ شکست دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یزیدی قوتیں ملک میں تفرقہ پھیلانا چاہتی ہیں اور سیاسی یزید ان کی پشت پناہی کر رہے ہیں، جن کا تعلق قابیل اور یزید کی نسل سے ہے، جن کے مقابلے کیلئے نسل ہابیل، نسل موسوی، نسل ابراہیمی اور نسل حسینی ہمیشہ موجود رہی ہے۔
 
ایم ڈبلیو ایم پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نااہل وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ اور پی پی پی سندھ حکومت نے ہمارے سنی شیعہ اتحاد کے اس عظیم اجتماع کو جو کہ رسول اللہ کے نام پر تھا روکنے کی گھناونی سازشیں کیں لیکن ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، قائم علی شاہ آنکھیں کھول کر دیکھ لیں، ہم جو کہتے ہیں وہ پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سن لے کہ خیرپور میں کارکنان پر فائرنگ کرنے والے دہشتگردوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو ہمیں ہمیشہ خیرپور میں حاضر پاﺅ گے۔


خبر کا کوڈ: 362473

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/362473/عاشقان-رسول-ص-پاکستان-میں-مذہبی-سیاسی-اور-معاشی-یزیدوں-کیخلاف-متحد-ہوگئے-ہیں-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org