0
Monday 17 Mar 2014 10:59

دہشت گردوں کا ٹرائل جیلوں میں کرنے کا فیصلہ

دہشت گردوں کا ٹرائل جیلوں میں کرنے کا فیصلہ

اسلام ٹائمز۔ ریاست کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ملزموں کو قید رکھنے اور ان کے خلاف بلاخوف و خطر مقدمات کی سماعت کے لیے پنجاب میں 6جیلوں کو انتہائی سکیورٹی جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ وفاق دہشت گردی کے مرتکب افراد کو اڈیالہ جیل میں رکھے گا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی نگرانی اور رابطے کی ذمے داریاں سرانجام دینے کے لیے اسلام آباد سمیت پنجاب میں 3ریجنل ہیڈکوارٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت دہشت گردی میں مطلوب افراد کو قید رکھنے اور ان کے خلاف مقدمات چلانے کے لیے پنجاب حکومت کی مشاورت سے صوبے بھر میں 6جیلوں کو انتہائی سکیورٹی جیل قرار دے دیا ہے۔ 

وزارت داخلہ کے جاری کردہ ایس آر اوز کے مطابق ان جیلوں میں لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، میانوالی اور ساہیوال کی جیل شامل ہیں۔ مقدمات کی پیروی کے لیے وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں ریجنل ہیڈکوارٹرز بھی قائم کر دیے ہیں جن کی حدود کا تعین بھی کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی ہیڈکوارٹر میں راولپنڈی اور سرگودھا ریجن شامل ہوگا جبکہ لاہور کا ریجنل ہیڈکوارٹر لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد پر مشتمل ہو گا۔ 

ملتان میں ساہیوال، ڈی جی خان اور بہاولپور ریجن شامل ہوں گے۔ اسلام آباد کے ریجنل ہیڈکوارٹر کی حد وفاقی دارالحکومت پر مشتمل علاقوں پر ہو گی۔ اس ریجنل ہیڈکوارٹر کے پاس دارالحکومت کی حد میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا انتظامی کنٹرول ہو گا۔ اس کے علاوہ یہ ہیڈکوارٹر تحقیقاتی ٹیم میں رابطے اور نگرانی کی ذمے داری بھی ادا کرے گا۔ وفاقی حکومت نے تحفظ پاکستان رولز 2013ء کی شق3 کے تحت راولپنڈی اور ملتان کے ریجنل پولیس آفیسر اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو ان ریجنز کا انچارج مقرر کر دیا ہے۔

یہ ریجنل ہیڈکوارٹرز اپنی اپنی حدود میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ رابطے کا کام بھی سرانجام دیں گے۔ پنجاب حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قرار دی گئی ہائی سکیورٹی جیلوں کے تحفظ کیلئے اقدام کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں عدالتیں بھی قائم کرے۔ جہاں وڈیو لنک کے ذریعے شواہد ریکارڈ کرنے کے ساتھ ساتھ گواہوں اور وکلا کے تحفظ کے لیے بھی انتظامات ہونے چاہئیں۔ 

وفاقی حکومت کو تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت پنجاب حکومت کی رضامندی سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ان دہشت گردوں کو رکھنے کی اجازت حاصل ہے جن کے خلاف وفاق تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت مقدمہ چلانے کا ارادہ رکھتا ہو۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ہیڈکوارٹرز) کو اپنے روزمرہ فرائض کے علاوہ اسلام آباد ریجنل ہیڈکوارٹر کا انچارج بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 362551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش