0
Monday 17 Mar 2014 11:28

کریمیا ریفرنڈم، 95 فیصد ووٹرز روس میں شمولیت کے حامی

کریمیا ریفرنڈم، 95 فیصد ووٹرز روس میں شمولیت کے حامی
اسلام ٹائمز۔ یوکرین کی نیم خودمختار ریاست کریمیا میں روس سے الحاق کے لیے کرائے گئے ریفرنڈم کے بعد حکام آج باضابطہ درخواست دیں گے دوسری جانب امریکا نے ریفرنڈم کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے نیم خودمختار علاقے کریمیا میں گذشتہ روز روس سے الحاق کے حوالے سے ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا تھا، جزیرہ نما ریاست میں 15 لاکھ سے زائد افراد ریفرنڈم میں حصہ لینے کے اہل تھے تاہم یوکرین کے حامیوں اور ریاست میں مقیم تاتاری النسل آبادی نے اس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ریفرنڈم میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے 95.5 فیصد عوام نے روس سے الحاق کے حق میں ووٹ دیا۔ جس کے بعد کریمیا کے حکام آج روس کے ساتھ الحاق کی درخواست دیں گے۔

یوکرین کے علاوہ امریکا اور مغربی ممالک نے ریفرنڈم کو غیرقانونی قرار دیا ہے، امریکی صدر باراک اوباما نے روسی ہم منصب ولادی میر پوتن سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کریمیا میں متنازعہ ریفرنڈم کے نتائج مسترد کرتی ہے۔ امریکا اس بحران کی وجہ سے روس کے خلاف اضافی پابندیاں عائد کرنے پر تیار ہے۔ دوسری جانب روس کے صدر کا کہنا ہے کہ کریمیا کا ریفرنڈم بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے۔ یہ ریفرنڈم 2008ء میں کرائے گئے اسی ریفرنڈم کی طرح ہے جس کے نتیجے میں کوسووو نے سربیا سے آزادی حاصل کی تھی۔ وہ کریمیا کے لوگوں کی رائے کا احترام کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 362554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش