QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں حکومت سازی کیلئے ابتدائی نکات طے پاگئے

21 Mar 2014 17:08

اسلام ٹائمز: مذاکراتی عمل کا دوسرا باضابطہ دور شروع جلد ہوگا جس میں سندھ میں بلدیاتی نظام، بلدیاتی اداروں کے فنڈ کا اجرا، ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت اور وزارتوں کی تقسیم اور حکومت سازی کا حتمی فارمولہ طے کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان دبئی کا دورہ مکمل کرکے جمعرات کو کراچی پہنچ گئے، دبئی مذاکرات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان اگلے مذاکراتی عمل کا آغاز جلد ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق دبئی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر ندیم نصرت اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے تفصیلی ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں سیاسی صورت حال، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے اور سندھ حکومت میں ایم کیو ایم کی ممکنہ شمولیت کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی، ان ملاقاتوں میں دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کے حوالے سے ابتدائی نکات طے پا گئے ہیں۔
 
دبئی مذاکرات کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے ہونے والی بات چیت پر ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان لندن میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور جلد اس حوالے سے کوئی اہم فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ گورنر سندھ کی واپسی کے بعد جلد وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی گورنر سندھ سے ملاقات ہوگی، اس ملاقات میں دبئی میں ہونے والی بات چیت کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور آئندہ کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں میں جلد مذاکراتی عمل کا دوسرا باضابطہ دور شروع ہو جائے گا، اس ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی نظام، بلدیاتی اداروں کے فنڈ کا اجرا، ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت اور دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم اور حکومت سازی کا حتمی فارمولہ طے کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 364320

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/364320/پیپلز-پارٹی-اور-ایم-کیو-میں-حکومت-سازی-کیلئے-ابتدائی-نکات-طے-پاگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org