0
Friday 21 Mar 2014 18:50

سنی اتحاد کونسل نے جمعہ کو ملک گیر یوم امن و محبت کے طور پر منایا

سنی اتحاد کونسل نے جمعہ کو ملک گیر یوم امن و محبت کے طور پر منایا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ’’یومِ امن و محبت‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں انسانی جان کی حُرمت کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے گئے اور علمائے اہلسنّت نے جمعہ کی تقریروں میں اسلام کی امن و سلامتی پر مبنی تعلیمات کو اجاگر کیا اور عوام سے امن پسندی کا رویہ اختیار کرنے کا حلف لیا نیز جمعہ کے اجتماعات میں بدامنی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیاں امن کے راستے کی رکاوٹ ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی حکومتی پالیسی ابہام کا شکار ہے۔ اسلام رواداری اور امن و سلامتی کا دین ہے۔ پائیدار امن ملک و قوم کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں امن کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں اور حکومت قیام امن کو اپنی پہلی ترجیح بنائے۔ امن دشمنوں کو کچلنے کے لیے جرأت مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ قوم امن دشمنوں کے خلاف متحد ہو جائے۔ اسلام نفرت نہیں محبت کا درس دیتا ہے۔ درود والے امن پسند اور بارود والے امن دشمن ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق مبحوب صدیقی نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکامِ پاکستان کے لیے امن ناگزیر ہے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔ نفرتوں کے بیوپاری ملک و قوم کے لیے ناسور بن چکے ہیں۔ صوفیاء کے ماننے والے امن کا جھنڈا سربلند رکھیں گے۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملّی وحدت کی ضرورت ہے۔ طالبانی سوچوں کے توڑ کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ ’’یا رسول اﷲﷺ‘‘ کہنے والے امن و محبت کے علمبردار ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین سیّد جوادالحسن کاظمی نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔ اسلام انسانی جان کی حُرمت کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ علماء و مشائخ قتل ناحق کے خلاف آواز اٹھائیں۔ سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکزالاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کو یقینی بنانے کے لیے بندوق اور بارود کو معاشرے سے خارج کرنا ہو گا۔ علماء پرتشدد رویوں کی حوصلہ شکنی کریں۔

مولانا وزیرالقادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہاپسندی اور بدامنی ملک و قوم کے لیے ناسور بن چکی ہے۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والے انتہاپسندوں کے مقابلے کے لیے متحد ہو جائیں۔ اسلامی مملکت میں بلاتفریق مذہب و ملّت ہر فرد کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ اسلامی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ یومِ امن و محبت کے موقع پر بھکر میں علامہ محمد شریف رضوی، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صاحبزادہ حمید الدین رضوی، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، جھنگ میں علامہ فاروق سلطان قادری، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس، فیصل آباد میں علامہ باغ علی اور لاہور میں مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ محمد سلیم ہمدمی، حاجی رانا شرافت علی قادری نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 364375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش