0
Sunday 23 Mar 2014 15:21
ملک میں دہشتگردی کی لہر ماضی کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے

طالبان سے براہ راست مذاکرات ایک دو روز میں شروع ہوجائینگے، نواز شریف

طالبان سے براہ راست مذاکرات ایک دو روز میں شروع ہوجائینگے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ طالبان سے ایک دو روز میں مذاکرات شروع ہوجائیں گے، ملک میں امن ہوگا تو معیشت میں بہتری آئے گی۔ میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری کا سلسلہ چل پڑا ہے، راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ طالبان سے براہ راست مذاکرات ایک دو روز میں شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر ماضی کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، اس وقت بہت سے ملک جو ماضی میں پاکستان سے پیچھے تھے، آگے نکل چکے ہیں، غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں دہشت گردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور گذشتہ دس پندرہ سال میں کوئی قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں ہوا۔
نواز شریف نے کہا کہ چالیس ارب روپے کا راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ دس ماہ میں مکمل ہوگا، اس کے بعد جنوبی پنجاب میں بھی میٹرو بس کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے، اور برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کا نیا ایئر پورٹ بھی آئندہ سال کام شروع کردے گا، جلد لاہور کراچی موٹر وے منصوبے پر کام شروع ہوگا، اسلام آباد مظفر آباد ریلوے منصوبہ بھی جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسی دور حکومت میں ہمیشہ کے لیے لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے اور اگلے سات سال میں مزید 21 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں لائیں گے۔ اس موقع پر نواز شریف نے باتوں ہی باتوں میں اہلیان راولپنڈی سے گلہ بھی کر ڈالا کہ انہیں یہاں سے سیٹیں نہیں ملیں۔  

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا، منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو سفر کی تیز اور سستی سہولت میسر آئے گی، وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ طالبان سے ایک دو روز میں مذاکرات شروع کر دیئے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب میں بھی لاہور راولپنڈی کی طرح میٹرو بس منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گذشتہ 10 سے 15 برسوں میں ملک کی ترقی کا کوئی قابل ذکر منصوبہ نہیں شروع کیا گیا، ملک کے حالات دیکھ کر دل کڑھتا ہے، آج ہم مارشل لاء ادوار میں بنائی گئی پالیسیوں کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹے چھوٹے منصوبے بہت پہلے مکمل ہونا چاہیئں تھے، اس موقعہ پر انہوں نے چار سال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی نوید بھی سنائی۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی اسلام آباد حقیقی معنوں میں جڑواں شہر بن جائیں گے۔ میٹرو بس منصوبے کو جنگلا بس کہنے والوں کو غریبوں کی کوئی فکر نہیں، ان کا کہنا تھا کہ میٹرو بس منصوبہ ملتان اور فیصل آباد میں بھی شروع کیا جائیگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبے کی زد میں آنیوالی زمینوں کا مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا، منصوبے پر 4 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
خبر کا کوڈ : 364923
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش