0
Monday 24 Mar 2014 11:53

کشمیری تقسیم برصغیر کے نظریے کی تکمیل کی جدوجہد کر رہے ہیں، عبدالرشید

کشمیری تقسیم برصغیر کے نظریے کی تکمیل کی جدوجہد کر رہے ہیں، عبدالرشید
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سیکولر اور مغربی کی پروردہ لابی مملکت خداداد پاکستان کو قرارداد مقاصد اور نظریات سے ہٹانے پر لگی ہوئے ہے۔ پاکستان اور کشمیر کے عوام شریعت کے نظام کا نفاذ چاہتے ہیں، جموں و کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان کے بغیر پاکستان مکمل نہیں۔ کشمیری تقسیم برصغیر کے نظریے کی تکمیل کی جدوجہد کر رہے ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان نہ سلامت رہ سکتا ہے اور نہ ہی مکمل ہو سکتا ہے۔ آج تجدید عہد کا دن ہے پوری پاکستان اور کشمیری قوم اس عہد کی تجدید کرے کہ جن مقاصد کے لیے پاکستان اور آزاد کشمیر آزاد کروائے گئے تھے وہ پورے کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایکسل سائنس ایجوکیشنل سٹم کے زیراہتمام 23 مارچ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آج پاکستان جن بحرانوں میں مبتلا ہے اس کا حل بھی یہی ہے کہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے تصورات کی روشنی میں ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے۔ یہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔ پاکستان اور آزادکشمیر کے تمام شعبوں کو اسلامی خطوط پر استوار کیا جائے۔ تعلیم، صحت، معیشت سمیت پورے سماج کو اسلامی ڈھانچے میں ڈالنا وقت اور حالات کا تقاضاہے۔ 

انھوں نے کہا کہ مغرب نہیں چاہتا ہے کہ پاکستان جن مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا وہ پورے ہوں اور پاکستان اور کشمیر کے عوام شریعت کے نظام کا نفاذ چاہتے ہیں۔ چند مخصوص افراد اور ٹولہ نہیں چاہتا کہ ایسا ہو اور اس ٹولے کے پیچھے پوری مغربی لابی ہے۔ آج پاکستان اور کشمیر کے عوام کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے وہ مقاصد پورے کرنے ہیں جن کے لیے پاکستان حاصل کیا گیا تھا۔ 

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اللہ سے بدعہدی کی وجہ سے آج اللہ کا ہاتھ بھی ہم سے اٹھ چکا ہے جب اللہ کا ہاتھ اٹھ جاتا ہے تو پھر پوری قوم کو ظالموں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جاتا اور ظالم مظلوم کے ساتھ جو سلوک کرتے ہیں وہ آج ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ اللہ نے ہمیں مغرب کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے کیونکہ ہمارے حکمرانوں نے اللہ پر بھروسہ کرنے کی بجائے مغرب پر بھروسہ کیا ہوا ہے، ہمیں اللہ کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 365091
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش