0
Tuesday 25 Mar 2014 21:07

ڈی آئی خان، موسلادھار بارش میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی بہہ گئی

ڈی آئی خان، موسلادھار بارش میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی بہہ گئی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالی موسلادھار بارش نے خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا۔ علاقہ ایم پی اے اور صوبائی وزیرمال کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا، کہ ان کی حکومت ایک کروڑ روپے سے زائد فنڈز صرف صفائی پر خرچ کر چکی ہے۔ ان کی جانب سے ڈیرے کو پھلاں دا سہرا بنانے کے بھی دعوے گونجتے رہے، مگر موسلادھار بارش نے کارکردگی کے پول کو ڈھول کی طرح بجا کے رکھ دیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلادھار بارش کے باعث ضلعی انتظامیہ کی طرف سے میونسپل کمیٹی اور ڈسٹرکٹ کونسل کے ذریعے صفائی کے دعوے ہوا ثابت ہوئے۔ ہر طرف گندگی کے ڈھیر اور نکاسی آب کے نالے بندہونے کے باعث پانی کھڑا ہوگیا۔ جسکی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ شہر کی گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرتے رہے۔

بارش کا پانی کھڑا ہونے کے سبب سرکلرروڈ، بنوں اڈہ، نئی بنوں چونگی، ڈیال روڈ، ملتان روڈ، ظفر آباد کالونی، مریالی سمیت دیگر علاقوں کی سڑکوں پر مزید گڑھے پڑ گئے۔ بارش کے باعث بجلی کے کئی فیڈرٹرپ کرگئے اور کئی علاقے تاحال تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اسی طرح سینکڑوں ٹیلی فون بھی خراب ہوگئے جسکے باعث لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا۔ اہلیان علاقہ نے صوبائی حکومت اور صوبائی وزیر مال خیبر پختونخواہ سردار علی امین خان گنڈہ پور سے اس بارے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 365704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش