0
Wednesday 26 Mar 2014 08:50

آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے، چوہدری عبدالمجید

آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے، کشمیری عوام کی آزادی کو اب نہیں روکا جا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں، نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ، بھارتی فورسز کے ٹریک ڈائون، کالے قوانین کے نفاذ مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر قائمقام وزیراعظم چوہدری محمد یاسین، آزاد کشمیر کے وزراء و مشیر حکومت، پارٹی اراکین کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

کشمیر ہائوس اسلام آباد میں اسپیکر اسمبلی سردار غلام صادق، سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، وزیر صحت سردار قمر الزمان خان، وزیر زراعت سید بازل علی نقوی، وزیر سیاحت عبدالسلام بٹ، وزیر مال علی شان سونی، وزیر اوقاف افسر شاہد، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، مشیر وزیر اعظم چوہدری الیاس ایڈووکیٹ اور آزاد کشمیر و پاکستان کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد نے ملاقاتیں کیں اور وزیراعظم کو عمرہ کی سعادت پر مبارکباد دی۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بنیادی حقوق دلوائیں جنہیں بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے غصب کر رکھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں، نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ، بھارتی فورسز کے ٹریک ڈائون، کالے قوانین کے نفاذ مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ وزیراعظم نے مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے باز رکھے۔

چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر اقوام عالم میں تحریک آزادی کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے پر دنیا بھر میں آباد تارکین وطن کی کوششوں کو سراہا اور تارکین وطن پر زور دیا کہ تحریک آزادی کے اس نازک مرحلے میں اپنی کوششوں کو منظم اور مربوط بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تارکین وطن سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ 

انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک اب یا کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے حق خودارادیت کی اس تحریک میں سات لاکھ انسانوں کا لہو بہایا اور اپنی جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے تحریک آزادی کو فوکس کر رکھا ہے اور آزاد خطہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور خطہ کو ماڈل اسٹیٹ بنانے کے لیے جو حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے اس سے آزاد کشمیر تعمیر و ترقی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 365865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش