QR CodeQR Code

لاہور، ہنگامہ آرائی کرنے والے جمعیت کے 13 کارکن 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

27 Mar 2014 23:01

اسلام ٹائمز:پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ طالب علموں نے ہنگامہ آرائی کے دوران سیکورٹی گارڈ سے وائرلیس سیٹ چھینا تھا جس کی برآمدگی کے لئے طلبا کا چودہ روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے والے اسلامی جمعیت طلبا کے تیرہ کارکنوں کا دو روز کے لئے جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن کی عدالت میں مسلم ٹاؤن پولیس نے جمعیت طلبا کے تیرہ کارکنوں مختار اللہ، نوید اسلم، شرافت علی، عمر ارشاد، حسیب اللہ، رضوان، اُسامہ اعجاز، تنصیل الرحمان، بہرام، طارق عزیز، طاہر رشید، شیخ ابوبکر اور سکندر عباس کو عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ طالب علموں نے ہنگامہ آرائی کے دوران سیکورٹی گارڈ سے وائرلیس سیٹ چھینا تھا جس کی برآمدگی کے لئے طلبا کا چودہ روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ طالب علموں کے وکیل نعمان عتیق، سلیم لادی ایڈووکیٹ نے ریمانڈ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ طالب علموں کے خلاف غلط مقدمہ بنایا گیا ہے۔ پولیس نے جو وائرلیس سیٹ برآمد کرنے کا کہا ہے وہ معمولی قیمت کا ہے جو طالب علموں نے نہیں چھینا جبکہ متعلقہ ایس پی نے ذاتی چپقلش پر طالب علموں پر مقدمہ درج کیا ہے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد مسلم ٹاؤن پولیس کو تیرہ طالب علموں کا دو روز کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 366587

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/366587/لاہور-ہنگامہ-ا-رائی-کرنے-والے-جمعیت-کے-13-کارکن-2-روزہ-ریمانڈ-پر-پولیس-حوالے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org