0
Friday 28 Mar 2014 08:30

مصر کے فوجی سربراہ عبدالفتاح السیسی مستعفی، صدارتی انتخاب لڑنیکا اعلان

مصر کے فوجی سربراہ عبدالفتاح السیسی مستعفی، صدارتی انتخاب لڑنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مصر کے فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا اور آئندہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ چیف آف اسٹاف صدقی صبحی کو ترقی دے کر جنرل اور آرمی چیف بنا دیا گیا۔ مصر کے پہلے منتخب جمہوری وزیراعظم محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے والے عبدالفتاح السیسی نے سرکاری ٹی وی سے خطاب میں فوجی سربراہ اور وزیر دفاع کے عہدے چھوڑنے اور ملک میں آئندہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ مصری الیکشن کمیشن کی جانب سے اتوار کے روز صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق مصر کی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتح السیسی نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا، جنرل السیسی نے ٹیلیویژن خطاب میں کہا کہ مصر کو دہشتگردوں سے خطرہ ہے، اگر قوم نے انہیں منتخب کیا تو وہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کر دیں گے، عبدالفتح السیسی کو اگست دو ہزار بارہ میں مصر کا وزیر دفاع اور فوج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان کے مقابلے میں کسی اہم امیدوار کے نہ ہونے سے صدارتی الیکشن میں السیسی کی کامیابی کے قوی امکانات ہیں۔ عبدالفتح السیسی کے مخالفین انھیں ملک میں بڑے پیمانے پر حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار گردانتے ہیں، انہیں خدشہ ہے کہ السیسی کے صدر بننے سے حسنی مبارک کی طرز کی ایک اور مطلق العنان حکومت قائم ہوجائے گی۔ 
مترجم : سید اسد رضا نقوی
خبر کا کوڈ : 366648
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش