QR CodeQR Code

مغوی سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر سخت تشویش کا اظہار

کوئٹہ میں ایرانی قونصل جنرل کی وزیراعلٰی بلوچستان سے ملاقات

28 Mar 2014 13:59

اسلام ٹائمز: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک اسلامی جمہوریہ ایران کیساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ عالمی قوتیں پاک ایران تعلقات کو اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے خراب کرنا چاہتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ روز صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل سید حسن یحیٰی وی نے صوبے کے وزیراعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایرانی قونصل جنرل سید حسن یحیٰی وی نے وزیراعلٰی بلوچستان سے پچھلے مہینے اغواء ہونے والے ایرانی سکیورٹی گارڈز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ سید حسن یحیٰی وی نے پانچ مغوی ایرانی سکیورٹی اہلکاروں میں سے ایک سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایرانی قونصل جنرل سید حسن یحیٰی وی کو اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ سیستان و بلوچستان سے ملحقہ علاقوں میں لیویز اور ایف سی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر مغوی ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک اسلامی جمہوریہ ایران کیساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی قوتیں پاک ایران تعلقات کو اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے خراب کرنا چاہتی ہیں، لیکن پاکستان ان عناصر کے مذموم مقاصد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔


خبر کا کوڈ: 366697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/366697/کوئٹہ-میں-ایرانی-قونصل-جنرل-کی-وزیراعل-ی-بلوچستان-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org