QR CodeQR Code

مدارس کیخلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، مولانا عبدالغفور حیدری

29 Mar 2014 10:40

اسلام ٹائمز: جامعہ اسلامیہ حمادیہ سریاب روڈ کوئٹہ میں صحافیوں‌ سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور آواز بلند کرینگے۔ دینی مدارس دہشت گردی کے اڈے نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مدارس کے خلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ مدارس کے خلاف کوئی اقدام کیا گیا تو علماء، طلباء اور عوام مدارس کا بھرپور دفاع کریں گے۔ مدارس کے خلاف سازش عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کی آزادی کو چھیننے کی کوشش کر رہی ہے اور بعض قوتیں مدارس کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام دینی مدارس کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور آواز بلند کر رہی ہے۔ دینی مدارس دہشت گردی کے اڈے نہیں بلکہ اسلام کے مضبوط قلعے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دین محمد (ص) کی چھاؤنیاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور دینی مدارس کے درمیان قوی اور مضبوط رشتہ ہے۔ جمعیت علماء اسلام ایک واحد دینی مذہبی سیاسی جماعت ہے جو مدارس اور علماء کی عظمت کیلئے ہر وقت حقیقی معنوں میں ترجمانی کا حق ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز صوبہ بھر سے ہزاروں لوگوں کی جمعیت میں شمولیت جمعیت علماء اسلام کی حقانیت کی واضح دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے دروازے ہر مسلمان کیلئے کھلے ہیں اور ہم آنے والوں کو خیر مقدم کہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 366985

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/366985/مدارس-کیخلاف-سازشوں-کا-ڈٹ-کر-مقابلہ-کرینگے-مولانا-عبدالغفور-حیدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org