QR CodeQR Code

بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے، ترابی

2 Apr 2014 10:47

اسلام ٹائمز: مقامی ہوٹل میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیر پالیسی کا ازسرنو جائزہ لے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سہ فریقی مذاکرات سے حل کرنا ہو گا کشمیر ایک سیاسی تنازعہ ہے اور اس کو پاکستان بھارت اور کشمیریوں کی حقیقی قیادت کے درمیان سہ فریقی مذاکرات سے حل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور بھارت متعدد بار مذاکرات کر چکے ہیں لیکن اس کا کوئی معنی خیز نتیجہ نہیں نکلا کیونکہ کشمیری اس میں شامل نہیں تھے۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں کے قتل عام کا مرتکب ہو رہا ہے ایسے حالات میں دوستی کا عمل کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
 
انھوں نے کہاکہ حکومت پاکستان زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیر پالیسی کا ازسرنو جائزہ لے۔ گذشتہ ادوار کی حکومتوں نے کشمیر کی تحریک کو شدید نقصان پہنچایا، وزیراعظم نوازشریف کو سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔ موجودہ حکومت کی کشمیر پالیسی سے کشمیری عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور پاکستانی قوم کے کشمیری عوام سے گہرے رشتے کے نتاظر میں کشمیری غیر مطمئن ہوئے ہیں۔ 

پاکستانی قوم کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اس لیے حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے عوام کی خواہشات کا احترام کرے اور قومی امنگوں عوامی جذبات و خواہشات کے مطابق ایک قومی کشمیر پالیسی تشکیل دے تاکہ کشمیری عوام میں پھیلنے والی مایوسی کا تدارک ہو۔ 

مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی برطانیہ کے رہنما یہاں راجہ بشارت خان آف سائنلہ کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رشید ترابی نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے راہنما خطوط میں کشمیر کی بگڑتی صورتحال کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ کشمیری آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے سوا کسی ضرب اور تقسیم کے فارمولے کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا بھارت سے یکطرفہ دوستی کی پینگھیں بڑھانا ملکی سلامتی اور بقاء کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔ 

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت کشمیر پالیسی مرتب کرتے وقت کشمیری قیادت کو اعتماد میں لینے کا اہتمام کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیر پر جو دوٹوک موقف اختیار کیا ہے اس پر کشمیر کی دونوں اطراف کی قیادت مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کے اندر مسئلہ کشمیر کو ترجیحی اول بنانے کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی مسئلہ کشمیر کو متعارف کروائے۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ حق خودارادیت پر سب کو اتفاق ہے یہ تمام کاوشیں اور سرگرمیاں اس وقت تک موثر ثابت نہیں ہو سکتیں جب تک حکومت اپنا کردار ادا نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ 1947ء میں آزادکشمیر کو آزادی کے بیس کیمپ کا تعین کیا گیا تھا مگر حکومت نے بیس کیمپ کے بجائے اسے عیاشی کیمپ بنا دیا ہے برادری ازم کی سیاست کا دور دورہ ہے تمام سرکاری ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ اسمبلی میں بار بار وہی لوگ آجاتے ہیں چہرے بدلنے سے نہیں نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ عوام میرٹ اہلیت و صلاحیت کی بنیاد پر اگر نمائندے منتخب کریں تو اس فرسودہ کلچر کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 368174

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/368174/بھارت-کشمیر-میں-ریاستی-دہشت-گردی-کا-مرتکب-ہو-رہا-ہے-ترابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org