0
Thursday 3 Apr 2014 23:35

بھارتی انتخابات میں کانگریس کی واپسی کا امکان نظرنہیں آتا، مشاہد حسین سید

بھارتی انتخابات میں کانگریس کی واپسی کا امکان نظرنہیں آتا، مشاہد حسین سید
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست نے بھارت مخالفت کو خیرباد کہہ دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب ملکی انتخابات میں بھارت کے خلاف نعرے بازی نہیں ہوتی جبکہ بھارتی سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ پاکستان دشمنی میں عوام کے جذبات مشتعل کرنے کی بجائے ایشوز کی سیاست کریں اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و ثقافتی تعاون کو فروغ دیکر خطے میں امن و سلامتی کا باعث بنیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ خارجہ اور پلڈاٹ کے زیراہتمام آئیندہ بھارتی انتخابات اور انکے پاکستان پرممکنہ اثرات کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ بھارتی سیاسی منظرنامے میں علاقائی جماعتوں کا کردار تیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ نوجوان آبادی بھی اپنے حقوق کیلئے سرگرم ہے اور یہی بنیادی وجہ ہے کہ اس وقت بھارت میں اہم ترین مڈل کلاس طبقہ وجود میں آچکا ہے جن کی دلچسپی اپنا معیارِ زندگی بہتر ترین بنانے میں ہے۔ سینیٹر مشاہد کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس کی واپسی کا امکان نظر نہیں آتا جبکہ بھارتی ریاست گجرات کے سابقہ وزیراعلیٰ نرمیندر مودی کی پوزیشن ہے ، انہوں نے بھارت میں مسلم ووٹ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے دورِ حکومت میں مسلمانوں کا قتلِ عام قابل مذمت تھا جس میں نہ صرف حکومتی عہدے داران پر ملوث ہونے کے الزامات لگے بلکہ حکومت نے بھی مسلمانوں کی اشک جوئی نہ کی۔ سینیٹر مشاہد نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو اپنا دل بڑا کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور بھارت تسلیم شدہ حقیقت ہیں جبکہ جوہری طاقت کے حصول کے بعدطاقت کا توازن یکسر تبدیل ہوگیا ہے۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے امورِ خارجہ کے چیئرمین سردار اویس احمد خان لغاری نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کو بہتری کی طرف لے جانے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے جانے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 368842
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش