0
Friday 4 Apr 2014 12:25

ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان کو سامراجی قوتوں کی کالونی بنا دیا گیا، غنویٰ بھٹو

ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان کو سامراجی قوتوں کی کالونی بنا دیا گیا، غنویٰ بھٹو

اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے 35ویں یوم شہادت کے موقع پر قوم بالخصوص پیپلز پارٹی کے کارکنان کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مذکورہ دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب تیسری دنیا کے انقلابی لیڈر شہید بھٹو کو ضیاء آمر نے ایک جھوٹے مقدمہ میں ملوث کرکے تختہ دار پر چڑھا دیا،یہ محض ایک فرد یا شخصیت کو پھانسی نہیں دی گئی بلکہ جمہوری اقدار، آزادی و قومی خودمختاری کی امنگ رکھنے والے دنیا بھر کی عوام کے نقیب، مسلم امہّ کو دنیا بھر میں تیسری طاقت کی قوت کے طور پر ابھارنے کی جدوجہد کو تختہ دار پر چڑھانے کے مترادف ہے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو کی شہادت کے بعد رونما ہونے والے واقعات نے یہ ثابت کر دیا کہ شہید بھٹو کو عالمی و قومی سطح سے ہٹا دیئے جانے کے نتیجہ میں نہ صرف پاکستان بلکہ تیسری دنیا بشمول مشرق وسطیٰ افغانستان و دیگر پس ماندہ ممالک پر سامراجی قوتوں بالخصوص امریکا نے قبضہ کر لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپ ڈیوڈ معاہدہ ہو یا عراق پر بلاجواز حملہ اور افغانستان پر نیٹو افواج کی یلغار، اس خطہ میں امریکی اور اس کے حلیف سامراجی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل جاری ہے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو کی شہادت کے بعد بالخصوص پاکستان کو سامراجی قوتوں کی کالونی اور غیر ملکی دہشتگردوں کی آماجگاہ بنا دیا گیا اور پاکستان کے حکمران طبقہ نے ڈالر کے عوض قومی غیرت اور ملکی وقار کا سودا کرلیا جس کی وجہ سے پاکستان دہشتگردی، لاقانونیت، غضبناک کرپشن، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے تاریخ کے بدترین بحرانوں کا شکار ہے۔

 غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بلوچستان میں شورش، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، شمالی علاقہ جات و دیگر مقامات میں دہشت گردی کے المناک اور دل ہلا دینے والے واقعات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ وطن عزیز کے حکمران بیرونی آقاؤں اور عالمی مالیاتی اداروں جن میں IMF، ورلڈ بینک اور دیگر شامل ہیں، کی ڈکٹیشن پر داخلی و خارجی اور اقتصادی پالیسیاں مرتب کرنے میں مصروف عمل ہیں جس کے منطقی نتیجہ میں اغلب ہے کہ وطن عزیز کا شیرازہ بکھر جائے اور قوم انارکی کی بدترین دور میں داخل ہو جائے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ آج اگر قائد عوام شہید بھٹو، سالار انقلاب شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید شاہنواز بھٹو موجود ہوتے تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا اور اقوام عالم میں ایک منفرد اور قابل تقلید مقام حاصل کر چکا ہوتا۔ چیئرپرسن پیپلز پزرٹی شہید بھٹو نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید شاہنواز بھٹو کے جسد خاکی کو ہم سے جدا کرکے اگر دشمنوں نے یہ تصور کر رکھا ہے کہ مذکورہ شہداء کے عزم، فکر و عمل اور نظریہ کو ختم کیا جا سکتا ہے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ غنویٰ بھٹو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مایوس نہ ہوں، وہ دن ضرور آئے گا جب شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے اصول، نظریہ اور فکر و عمل کی روشنی میں مادرِ وطن کے مستقبل کا سورج اپنی پوری طمانیت کے ساتھ طلوع ہوگا۔

خبر کا کوڈ : 368915
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش