QR CodeQR Code

عالمی فتنوں سے مقابلے کیلئے پوری امت کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، عبدالرشید ترابی

5 Apr 2014 10:43

اسلام ٹائمز: مظفرآباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاست کی سطح پر دین کی ترجمانی اسلامی نظام کے بغیر ممکن نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ عالمی فتنوں اور دجالی تہذیب کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری امت کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ آج امت گونا گوں مسائل کا شکار ہے اور سب سے بڑا مسئلہ مغربی تہذیبی یلغار ہے۔ حکومت اور ریاست کی سطح پر دین کی ترجمانی اسلامی نظام کے بغیر ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفرآباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ عوام قرآن کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کرے، اللہ کے دین کے قیام کی جدوجہد ہر مسلمان پر فرض ہے دین کی ترجمانی ریاست اور حکومت ہی کر سکتی ہے مگر جب تک اسلامی حکومت قائم نہیں ہو گی یہ ترجمانی ممکن نہیں ہے۔

عبدالرشید ترابی کا کہنا تھا کہ وزارت عظمی پر متمکن رہنے والے اور اس کے متمنیوں نے آزاد خطے کو ایتھوپیا بنا دیا ہے۔ سڑکیں کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہی ہیں۔ بچے سکولوں کی چھتوں کے بغیر کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، ہسپتال ادویات اور ڈاکٹروں سے خالی پڑے ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم اس نظام اور اس کی محافظ قیادت کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور اس طرح جدوجہد کرے جس طرح 1947ء میں آزادی کی جدوجہد کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 369286

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/369286/عالمی-فتنوں-سے-مقابلے-کیلئے-پوری-امت-کو-مل-کر-جدوجہد-کرنا-ہوگی-عبدالرشید-ترابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org