QR CodeQR Code

بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں سے پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے، چوہدری عبدالمجید

7 Apr 2014 09:57

اسلام ٹائمز: کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت شہداء کی امانت ہے۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کابینہ کے اراکین سمیت آج دو روزہ دورے پر کراچی روانہ ہوں گے جہاں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی طرف سے بلائی گئی پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور اراکین کابینہ اپنے دورہ کراچی کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کراچی ڈویژن کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے اور کراچی میں مقیم کشمیری مہاجرین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ 

کابینہ کا یہ اجلاس بڑی اہمیت کا حامل ہے جس میں آزادکشمیر حکومت کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلہ جات ہوں گے، حکومت کو موجودہ دور میں اپوزیشن کی طرف سے عدم اعتماد کی تحریک سمیت اندرون خانہ سازشوں کا بھی سامنا ہے۔ خیال ہے کہ اس اجلاس میں بعض اہم فیصلے کیے جائیں گے جن میں بیرسٹر سلطان محمود کے حوالے سے بھی مختلیف تجاویز زیر غور آئیں گی۔ وزیر اعظم اور پارلیمانی پارٹی کے دورہ کراچی پر پچاس لاکھ کے قریب خرچہ آئے گا جو سرکاری خزانے سے ادا کیا جائے گا۔ 

گذشتہ روز کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آزادکشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے نام نہاد انتخابات کے موقع پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے انتخابات کو مسترد کر رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔ ریاست جموں و کشمیر کی عوام نے حق خودارادیت کی جو جدوجہد شروع کر رکھی ہے بھارتی حکمران زیادہ عرصہ تک اس جدوجہد کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے محفوظ بنائیں اور ریاست جموں و کشمیر کی عوام کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ استصواب رائے کا حق دلائیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کی عوام حق خودارادیت کی تحریک کو سرد کرنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں گے۔ 

انہوں نے کہاکہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں کسی رکاوٹ کو تسلیم نہیں کریں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے فراڈ انتخابات کے موقع پر حریت قیادت کی گرفتاریوں اور بھارتی فورسز کی طرف سے بدنام زمانہ کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی منظم نسل کشی، مقبوضہ وادی میں سرچ آپریشن، ٹارگٹ کلنگ اور خواتین کی بے حرمتی کی شدید مذمت کر تے ہوئے مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کروائیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کو بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزادی دلائیں۔ 

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے۔ کشمیری پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے اپنے لہو کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت خود اقوام متحدہ میں گیا جہاں اس نے ریاست جموں و کشمیر کے حق خودارادیت کو تسلیم کر رکھا ہے۔ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں سے پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے اور حق خودارادیت کی تحریک کو سرد کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے حق خودارادیت کی تحریک میں جو قربانیاں دی ہیں۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت شہداء کی امانت ہے۔ کشمیری شہداء کا مقدس لہو رنگ لا کر رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیرقانونی تسلط ختم ہو کر رہے گا اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 369950

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/369950/بھارت-کو-اقوام-متحدہ-کی-قراردادوں-سے-پیچھے-نہیں-ہٹنے-دیں-گے-چوہدری-عبدالمجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org