QR CodeQR Code

سندھ حکومت قیام امن کی کوششوں میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، شمشاد غوری

8 Apr 2014 10:06

اسلام ٹائمز: اپنے ایک بیان میں وائس چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے کہا کہ سندھ حکومت فرائض کی ادائیگی کے بجائے ظلم کی ستائے عوام پر ایک بار بھر دہشتگردوں کو مسلط کرنے کی سازشیں کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا ہے کہ شہر میں مفاد پرستوں کے ٹولے نے معصوم عوام کا جینا محال کر دیا ہے، نومنتخب حکومت سے لگائی امیدیں بھی ٹوٹتی دیکھائی دے رہی ہیں، وفاق اور صوبائی حکومت عوام کے مسائل و مصائب سے یوں ہی لاعلم رہے تو شہر قائد کے حالات سنگین صورت اختیار کر جائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں شمشاد خان غوری نے کہا کہ سندھ حکومت شہر کراچی میں قیام امن کی کوششوں میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، جن دہشتگردوں کے خاتمے کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا آج صوبائی حکومت انہی کے در پہ ماتھا ٹیک رہی ہے جو ناصرف معصوم عوام سے زیادتی کے مترادف ہے بلکہ انھیں گمراہی کے اندھیرے میں رکھنے کی گھناﺅنی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے صوبائی حکمرانوں کی معاونت کرے کیونکہ موجودہ حالات میں شہر سے عدم تحفظ کی فضاء کا خاتمہ کرنا بے حد ضروری ہے۔ وائس چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فرائض کی ادائیگی کے بجائے ناصرف چین کی بانسری بجا رہی ہے بلکہ ظلم کی ستائے عوام پر ایک بار بھر دہشتگردوں کو مسلط کرنے کی سازشیں بھی کر رہی ہے۔ شمشاد غوری نے کہا کہ موجودہ وقت میں اگر وفاق نے صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نوٹس نہ لیا تو کراچی کے حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 370428

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/370428/سندھ-حکومت-قیام-امن-کی-کوششوں-میں-مکمل-ناکام-ہو-چکی-ہے-شمشاد-غوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org