0
Wednesday 9 Apr 2014 10:34

چوہدری عبدالمجید پانچ سال آزاد کشمیر کے وزیراعظم رہیں گے، آصف زرداری

چوہدری عبدالمجید پانچ سال آزاد کشمیر کے وزیراعظم رہیں گے، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن و سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے وزیراعظم آزادکشمیر کی تبدیلی کے کسی بھی امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چوہدری عبدالمجید ہی وزیراعظم کی حیثیت سے اپنی 5 سالہ مدت پوری کریں گے۔ پارلیمانی پارٹی سے باہر بیٹھا اگر کوئی تبدیلی کے خواب دیکھ رہا ہے تو یہ ایک دیوانے کا خواب ہے۔ مرکز پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پشت پر ہے۔ وہ منگل کو یہاں بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم کی تبدیلی نہیں ہو گی۔ چوہدری عبدالمجید کو پارٹی نے 5 سال کیلئے وزیراعظم نامزد کیا تھا اور وہ اپنی مدت پوری کرینگے۔ شریک چیئرپرسن نے کہاکہ ان کے خیال میں وفاقی حکومت یا مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اندر سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنا چاہتی اور وہ آزاد حکومت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔ 

آصف علی زرداری نے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ پارٹی کے اندر کسی بھی قسم کے اختلافات کو مل بیٹھ کر اتفاق و اتحاد کے ساتھ پارٹی دور کرتی ہے۔ پارٹی کے شریک چیئرپرسن نے آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ جات سے منتخب پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی سے الگ الگ ملاقات کی۔ سب سے پہلے مظفرآباد، پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی، پھر میرپور ڈویژن اور آخر میں کشمیری مہاجرین کے حلقہ جات سے منتخب ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ 

شریک چیئرپرسن نے تمام حلقہ جات میں تعمیروترقی کا عمل تسلسل سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے فنڈز کی فراہمی میں افراط و تفریط ختم کرنے اور یکساں طور پر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 370856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش