0
Wednesday 9 Apr 2014 18:30
مذاکراتی ٹیم مخالفین کی دھونس کو ہرگز قبول نہ کرے

تحقیق و ترقی کے فیلڈ میں ایران کی ایٹمی سرگرمیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی، سید علی خامنہ ای

تحقیق و ترقی کے فیلڈ میں ایران کی ایٹمی سرگرمیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ایٹمی ٹیکنالوجی میں اسلامی جمہوری ایران کی پشرفت کو قوم کی خود اعتمادی میں اضافے اور دیگر سائنسی میدانوں میں ترقی کا سبب قرار دیا ہے۔ حضرت آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے آج ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر ایٹمی ادارے کے سربراہ، ماہرین اور کارکنوں سے ملاقات میں کہا کہ گرچہ ایٹمی ٹیکنالوجی سے انرجی پیدا کرنے، صنعت، طبی شعبوں، زراعت، غذاوں کو محفوظ کرنے اور تجارت میں استفادہ کیا جاتا ہے لیکن ایران میں اس کا اہم ترین فائدہ یہ ہے کہ اس نے ہماری قوم کو خود اعتمادی عطا کی ہے۔ انقلاب اسلامی کے سربراہ نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات سے اتفاق کرنے کا مقصد ایران کے خلاف سامراج کی بنائی ہوئی مخاصمانہ فضا کو بے اثر بنانا تھا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایٹمی مذاکرات کے جاری رہنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی شعبے میں سائنسی پیشرفت کبھی نہیں رکنی چاہیے اور نہ ہی اس کی رفتار میں کمی آنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ایران کے ساتھ آئی اے ای اے کے تعلقات بھی معمول کے مطابق ہونے چاہیں۔ 

رہبر انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ سامراجی نظام ایران کو ترقی سے روکنے اور اسے ایک پسماندہ ملک کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سامراج نے عوام کے مسائل کو بہانہ بنا کر ایران کے خلاف عالمی سطح پر منفی فضا قائم کی تھی اور ایران کے ایٹمی معاملہ کے بہانے بھی ایران کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا ہے، لیکن اب تک انہیں شکست کے علاوہ کچھ بھی حاصل نہیں ہوا ہے۔ انقلاب اسلامی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کے درپے نہیں ہے اور امریکی حکام بھی اس حقیقت سے واقف ہیں کہ ایران کی پالیسی ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے کی ہے، لیکن وہ ایٹمی ہتھیاروں کے بہانے ایران کے خلاف پروپیگنڈا جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کاروں کو ایٹمی ٹیکنالوجی میں ترقی اور تحقیقات کے جاری رہنے پر اصرار کرنا چاہیے، کیونکہ ملک میں جن شعبوں میں ترقی کی گئی ہے، انہیں ہرگز بند نہیں کیا جاسکتا اور کسی کو ان پر سودے بازی کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔
 
رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے ماہرین کے بلند حوصلوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ایرانی ماہرین نے تہران ری ایکٹر کے لئے فیول شیٹس بنانے کی توانائی حاصل کرنے کا اعلان کیا تو مغرب نے ان کا مذاق اڑایا، لیکن ہمارے ماہرین نے مقررہ وقت سے پہلے یہ ھدف حاصل کرلیا اور دشمن مبہوت رہ گئے۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ یہ جو کہا جاتا ہے کہ ایٹمی پروگرام کی وجہ سے ہی ایران پر پابندیاں لگی ہيں اور دباو ڈالے جا رہے ہیں، یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ اگر ایٹمی مسئلہ نہ بھی ہوتا تو مغربی ممالک کوئی اور بہانہ بنا لیتے، جس طرح کہ اس وقت اور مذاکرات کے دوران امریکیوں نے انسانی حقوق کا بہانہ بنایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 371169
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش