0
Thursday 10 Apr 2014 14:49

پاسپورٹ اور شناختی کارڈ مافیا کیخلاف سخت کاروائی کرینگے، صدر ممنون حسین کی آغا رضا کو یقین دہانی

پاسپورٹ اور شناختی کارڈ مافیا کیخلاف سخت کاروائی کرینگے، صدر ممنون حسین کی آغا رضا کو یقین دہانی

اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اپنے دو روزہ دورے کے دوران صدر مملکت کیساتھ ایک خصوصی ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے شیعہ ہزارہ قوم کے وفاق سے متعلق مسائل کا ذکر کر تے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا حصول ہمارے لوگوں کیلئے ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ یہ دونوں وفاقی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے بذات خود مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہر نیا آنے والا پاسپورٹ آفیسر بذات خود قانون بناتا ہے اور نت نئے قوانین نافذ کرکے شیعہ ہزارہ قوم کے لوگوں کیلئے پاسپورٹ کا حصول ناممکن بنا دیتا ہے۔ اس کام میں دو نمبر ایجنٹ بھی ملوث ہیں جو معصوم لوگوں سے پیسے لیکر ان کو پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دیتے ہیں۔ پیسے کی ہوس نے ان سب کو اس قدر اندھا کر دیا ہے کہ 100 سالوں سے زائد عرصہ کوئٹہ اور بلوچستان میں رہنے کے باوجود ہزارہ قوم کے افراد سے ایسے ایسے دستاویزات طلب کئے جاتے ہیں، جو کہ خود ان کے اپنے پاس موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ انہی حالات کا سامنا شناختی کارڈ کے حصول میں ہمیں درپیش ہے۔ ایف سے بلاک شناختی کارڈز نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے نوٹس لیتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ اگر ایسے عناصر کو عدالت میں کھینچنا پڑے تو بھی دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ہزارہ قوم کیساتھ زیادتیوں کا نوٹس لیا جائیگا۔ صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ شیعہ ہزارہ قوم کو خوشحالی دینے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وفاقی حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کوشش کیجائے گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص شیعہ ہزارہ قوم عرصہ دراز سے زیادتیوں کا شکار رہی۔ موجودہ حکومت نے یہ محسوس کیا ہے کہ بلوچستان اب مزید محرومیوں اور زیادتیوں کا محتمل نہیں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنانے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مخلوط حکومت صوبے میں ترقی اور امن و امان کی بحالی کیلئے اقدامات کرے۔ وفاقی حکومت ان کو مکمل سپورٹ کرے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے وفاق تمام ممکن وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا حکومت کا فرض ہے۔

خبر کا کوڈ : 371320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش