0
Monday 14 Apr 2014 20:49

کشمیری عوام گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف احتجاج میں گلگت بلتستان عوام کے ساتھ ہیں، علامہ تصور جوادی

کشمیری عوام گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف احتجاج میں گلگت بلتستان عوام کے ساتھ ہیں، علامہ تصور جوادی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور نقوی الجوادی نے آٹا و گندم سبسڈی کے خاتمے، اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گلگت بلتستان کے عوام کے احتجاجی دھرنے کی حمایت میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان، اسکردو، گانچھے میں عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا نااہل حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت اور گلگت بلتستان حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی مخالفت میں بھرپور احتجاج کریں گے۔ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کے مسائل اور حکومت کی جانب سے مسلسل نا انصافیوں اور زیادتیوں پر گلگت بلتستان کے غیور عوام نے مجلس وحدت مسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے اشتراک سے  15اپریل مکمل پہیہ جام اور احتجاجی دھرنے کی کال دی تاہم گذشتہ شب مہدی شاہ حکومت کی جانب سے دفعہ 144 لگانا، مجلس وحدت مسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری قابل افسوس قابل تشویش اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان حکومت نے عوامی احتجاج کو روکنے کی ناکام سازش کی تو ملک بھر میں دھرنے ہونگے اور دھرنے اس وقت تک ختم نہ ہونگے جب تک گلگت بلتستان کی کرپٹ حکومت کا خاتمہ نہ ہو جائے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھر کے مظلوموں محکوموں اور غریبوں کی آواز ہے۔ جس نے ہر دور کے ظالم کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کی خاطر احتجاج کرنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے جسے کسی قیمت پر سلب نہیں کیا جا سکتا۔ گلگت بلتستان کی حکومت احتجاج سے خوف زدہ ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے صدر پاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف، چیف جسٹس پاکستان، میڈیا اور سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرکے گلگت بلتستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 372845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش