QR CodeQR Code

پاکستان، ایران، ترکی اور سعودی عرب مل کر امت مسلمہ کو اندھیروں سے نکال سکتے ہیں، جنرل (ر) حمید گل

15 Apr 2014 20:19

اسلام ٹائمز: دوسری اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق آئی ایس آئی چیف کا کہنا تھا کہ درس گاہوں کے اختلافات کو بازاروں میں لانے والوں نے امت میں انتشار پیدا کیا ہے، تین دھائی قبل سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا کہ مل کر رہنے اور ایک دوسرے کو مسلمان سمجھنے والے کچھ عرصہ بعد کفر کے فتوے لگاتے ہوئے قتل عام کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ حسن روحانی اور شاہ عبداللہ امہ کو انتشار سے نکالنے کے لئے براہ راست ملاقات کریں، پاکستانی حکومت کو چاہیئے کہ دونوں ملکوں کے درمیان رابطہ کار کا کردار ادا کرکے مشرق وسطیٰ میں لگی آگ کو مزید پھیلنے سے روکے فرقہ واریت ملکی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے علماء اپنے علمی اختلافات کو ماضی کی طرح علمی درسگاہوں تک محدود رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ایکس سروس میں سوسائٹی کے صدر جنرل (ر) حمید گل اور جوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل نے اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ درس گاہوں کے اختلافات کو بازاروں میں لانے والوں نے امت میں انتشار پیدا کیا ہے، تین دھائی قبل سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا کہ مل کر رہنے اور ایک دوسرے کو مسلمان سمجھنے والے کچھ عرصہ بعد کفر کے فتوے لگاتے ہوئے قتل عام کا سلسلہ شروع کر دیں گے، آج بھی اس آگ کو ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ علماء پھر سے اپنی علمی بحثوں اور مناظروں کو تعلیمی اداروں اور تحقیقی کی طرف واپس لے جائیں۔

حسن روحانی اور شاہ عبداللہ کو چاہیئے کہ امت کے انتشار اور افتراق کو ختم کرنے کیلئے خود میدان میں آئیں اس کے لئے ہماری حکومت اس وقت بہترین کردار ادا کر سکتی ہے۔ اکثر مسلم ممالک میں عوام کو گمراہ کرنے کے لئے کفریہ طاقتوں نے ایجنٹ چھوڑ رکھے ہیں ان کو بےنقاب کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیئے۔ تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کفریہ طاقتیں متحد ہو کر ملت اسلامیہ کو تقسیم کر کے اپنے مقبوضہ علاقوں کو توسیع دینا چاہتی ہیں فرقہ واریت نے آج کی نوجوان نسل کو دوراہے پر کھڑا کر دیا ہے کہ وہ ترقی کی جانب سفر کریں تو کیسے کریں۔ ہماری مساجد تعلیمی، سماجی، اسلامی ثقافت کے لحاظ سے وہ کردار ادا نہیں کر رہیں جو ان کا خاصہ رہا ہے پاکستان، ایران، ترکی، سعودیہ مل کر امت مسلمہ کو اندھیروں سے نکال سکتے ہیں ملک میں مذہبی پلیٹ فارم سے اتحاد کا نعرہ تو ہمیشہ بلند کیا گیا ملی یکجہتی کونسل اٹھارہ سال سے مذہبی فرقہ واریت کی آگ کو بجھانے کے اقدامات کر رہی ہے مگر حکومت کی طرف سے حوصلہ افزائی نہ ہونے کی وجہ سے اس کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آ رہے۔


خبر کا کوڈ: 373200

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/373200/پاکستان-ایران-ترکی-اور-سعودی-عرب-مل-کر-امت-مسلمہ-کو-اندھیروں-سے-نکال-سکتے-ہیں-جنرل-ر-حمید-گل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org