0
Saturday 19 Apr 2014 16:21

حکومت وقت عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو فوری تسلیم کرے، علامہ اعجاز بہشتی

حکومت وقت عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو فوری تسلیم کرے، علامہ اعجاز بہشتی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریڑی تبلیغات علامہ اعجاز بہشتی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں چار روز سے دھرنا جاری ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کرے اور گندم سبسڈی کو بحال کرے۔ وحدت سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور اور محب وطن عوام نے چار روز سے اپنے جائز حقوق کے لئے پُرامن دھرنا جاری رکھا ہوا ہے جو کہ گلگت بلتستان کا تاریخی دھرنا ہے، حکومت کو چاہیئے کہ عوام کے صبر کا امتحان نہ لے اور مطالبات کو فوری تسلیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے آئینی حقوق سے محروم ہونے کے باوجود ہر مشکل وقت میں وطن عزیز کے لئے قربانیاں دی ہیں اور گلگت بلتستان کے جوان پاکستان کے ہر محاذ پر دشمن سے نبرد آزما ہیں، مگر افسوس کہ حکومت پاکستان نے چار روز گزرنے کے باوجود گلگت بلتستان کی عوام کے جائز اور آئینی حقوق کو تسلیم نہیں کیا۔

علامہ اعجاز حسین بہشتی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام کے حوصلے کے ٹو کی مانند بلند اور پُرعزم ہیں، وہ اپنے جائز مطالبات کے تسلیم ہونے تک میدان میں رہیں گے۔ حکومت پاکستان نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا ہے، گلگت بلتستان کے پاکستان سے الحاق ہوئے 66 سال گزر چکے ہیں، مگر ابھی تک یہ خطہ آئینی حقوق سے محروم ہے، اب نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ عوام سے اُس کے بنیادی حقوق بھی غصب کئے جا رہے ہیں، جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی طور پر نہایت اہم خطہ ہے اور یہ پاک چین رابطے کا واحد زمینی راستہ بھی ہے، جو چار روز سے دھرنے کے باعث بند ہے۔
خبر کا کوڈ : 374546
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش