0
Saturday 19 Apr 2014 22:53

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام ''مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن '' کے خلاف دس روزہ مہم کا آغاز

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ضلع ملتان کے زیر اہتمام ''مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن'' کے خلاف دس روزہ مہم کے آغاز کے موقع پر دولت گیٹ چوک پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ احتجاجی کیمپ میں ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی، سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، چوہدری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، ڈاکٹر خالد رشید، حسنین رضا، ذیشان شبیر، شاہ ولی راجپوت، مجاہد پاشا سمیت کثیر تعداد میں ارکان و کارکنان اور عوام الناس نے شرکت کی۔ کیمپ میں راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیورز اور دیگر سواروں میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان نے مختلف دکانداروں کو بھی پمفلٹ دیے اور مہنگائی کے خلاف جاری آگاہی مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ اس موقع پر میڈیا اور عوام الناس سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن کے خلاف بھرپور مہم چلا رہی ہے۔ اور لوگوں سے یہ اپیل کرتی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ ملتان کے عوام ظلم کے نظام کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔ عوام اس استحصالی قوتوں کے خلاف جماعت اسلامی کے پرچم کے نیچے جمع ہوکر جد و جہد کریں۔ عوام نے آج تک جن لوگوں کو اپنے ووٹوں سے منتخب کیا انہوں نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور ظلم و ستم کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آج بھی یہی صورتحال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت اس دعوے کے ساتھ عوام کے پاس گئی تھی کہ ہم ملک میں صنعتی انقلاب لائیں گے اور لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ اندھیروں کو دور کریں گے۔ کشکول توڑ دیں گے۔ لیکن آج ہم یہ دیکھتے ہیں کہ لوگ مہنگائی کی وجہ سے خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ ''ایڈ نہیں ٹریڈ'' کا نعرہ لگانے والی ن لیگ کی حکومت در در پر قرض کی بھیک مانگ رہی ہے۔ کھربوں ڈالر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرض لیکر قوم کو مزید قرض کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام خود سوز یوں پر مجبور ہو رہے ہیں لیکن حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں۔ ایک طرف لوڈشیڈنگ نے کاروبار تباہ کر کے رکھ دئیے ہیں تو دوسری طرف بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی 27 اپریل تک بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی کیمپ لگانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ حکمران عوام کے سروں سے ناجائز ٹیکسوں کا بوجھ اتاریں۔ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی اور ناجائز ٹیکس ختم کرے تاکہ ضرورت زندگی کی اشیاء لوگوں کی پہنچ میں آ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 374655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش