QR CodeQR Code

گلگت بلتستان میں‌ گندم پر سبسڈی بحال نہ کی گئی تو کوئٹہ میں بھی دھرنا دیا جائیگا، علامہ سید ہاشم موسوی

20 Apr 2014 20:48

اسلام ٹائمز: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت سے جاری ہونے والے بیان میں امام جمعہ کوئٹہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے محروم عوام کو چار دہائیوں سے حاصل گندم کی سبسڈی کے حق کو واپس لینے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جو سراسر ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے جائز مطالبات کا حل نہ ہونا، حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں غریب عوام کو اشیائے خورد و نوش پر سبسڈی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئے دن پیٹرول سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں‌ اضافہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ جمہوری حکومت کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی محب وطن عوام گذشتہ تین دنوں سے گندم پر سبسڈی ختم کرنے کیخلاف دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ بہترین سیاحتی ثقافت کا حامل یہ علاقہ وطن عزیز کی کئی مشکلات کو حل کر سکتا ہے۔
 
امام جمعہ کوئٹہ کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ سرزمین بے آئین آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ نہ یہاں کوئی کشمیر طرز پر آزاد پارلیمان ہے، نہ دیگر صوبوں کی طرح ایک مکمل صوبے کے اختیارات۔ حد تو یہ ہے کہ قبائلی علاقہ جات کو پارلیمنٹ میں حاصل نمائندگی کے جیسا حق بھی اس خطے کے عوام کو حاصل نہیں ہے۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ گلگت بلتستان کے محروم عوام کو چار دہائیوں سے حاصل گندم کی سبسڈی کے حق کو بھی واپس لینے کا اعلان کردیا گیا ہے، جو سراسر ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبے کو نہیں مانا گیا تو کوئٹہ میں بھی بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 374791

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/374791/گلگت-بلتستان-میں-گندم-پر-سبسڈی-بحال-نہ-کی-گئی-کوئٹہ-میں-بھی-دھرنا-دیا-جائیگا-علامہ-سید-ہاشم-موسوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org