QR CodeQR Code

قومی اداروں کیخلاف کوئی غلط بات برداشت نہیں کی جائیگی

لیفٹیننٹ جنرل ظہیر السلام پر الزامات بےبنیاد اور گمراہ کن ہیں، جنرل عاصم باجوہ

20 Apr 2014 23:52

اسلام ٹائمز: ڈی جی آئی ایس پی آر کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جیو ٹی کے اینکر پرسن اور سینئر صحافی حامد میر پر حملے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں، مکمل تعاون کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ نجی ٹی وی کے پروگرام ''کیوں'' میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس ایک باوقار اور معتبر ادارہ ہے۔ قومی اداروں کیخلاف کوئی غلط بات برداشت نہیں کی جائے گی۔ جنرل عاصم باجوہ کا دو ٹوک الفاظ میں کہنا تھا کہ فوج کی موجودہ قیادت کو موجودہ حالات کا ادراک ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر السلام پر الزامات بےبنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ بےبنیاد الزام سے جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ حامد میر پر حملہ شر پسند عناصر نے کیا ہے۔ تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کر آئین اور قانون کے مطابق چارہ جوئی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیو ٹی کے اینکر پرسن اور سینئر صحافی حامد میر پر حملے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں، مکمل تعاون کرینگے۔ واضع رہے کہ گذشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر کے بھائی عامر میر نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے بھائی حامد میر نے انہیں بتایا تھا کہ آئی ایس آئی نے ان کے قتل کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ عامر میر کے مطابق حامد میر نے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے لئے ایک پیغام ریکارڈ کرا رکھا ہے جس میں انہوں نے آئی ایس آئی کے سربراہ ظہیر السلام اور کچھ کرنل رینک کے افسران کو نامزد کیا ہے۔ جذباتی انداز میں بات کرتے ہوئے عامر میر کا کہنا تھا کہ حامد میر کو دہشتگردوں سے زیادہ آئی ایس آئی سے خطرہ تھا جس کی وجہ بلوچستان کا مسئلے اور پرویز مشرف کے حوالے سے اختلاف رائے تھا۔ یہ اختلافات آئی ایس آئی کے سابق سربراہ احمد شجاع پاشا کے دور سے تھے۔


خبر کا کوڈ: 374804

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/374804/لیفٹیننٹ-جنرل-ظہیر-السلام-پر-الزامات-بےبنیاد-اور-گمراہ-کن-ہیں-عاصم-باجوہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org