0
Tuesday 22 Apr 2014 23:24

گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجتہی کیلئے ایم ڈبلیو ایم کا لاہور میں مظاہرہ

گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجتہی کیلئے ایم ڈبلیو ایم کا لاہور میں مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو بھی تھر بنانا چاہتی ہے گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ 8 دنوں سے کھلے آسمان تلے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں وفاقی و صوبائی گورنمنٹ خاموش تماشائی بنی عوام کا استحصال کرنے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی نے لاہور پریس کلب کے باہر گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم گلگت بلتستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کا فطری دفاع ہیں، وطن دشمن قوتیں اس علاقے میں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا کرنے کے درپے ہیں، ہم اُن ملک دشمنوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

مظاہرے میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبا نے بھی شرکت کی۔ بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما ساجد حسین اور شجاعت علی نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کو پاکستان دشمن کہہ کر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ نے عوام کی توہین کی ہے۔ پیپلز پارٹی کی موجودہ گلگت بلتستان کے حکومت نے سوائے کرپشن اور مہنگائی کے عوام کو کچھ نہیں دیا، اب گلگت بلتستان کے عوام اپنا حق ان کرپٹ عناصر سے چھین کر لیں گے، عوام اب فقط سبسڈی پر اکتفا نہیں کریں گے بلکہ ان چوروں لٹیروں کو عوامی احتساب کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے۔


گلگت بلتستان یوتھ کے رہنماوُں تحسین علی، دیدار علی ہنزائی، شبیر آخونزادہ اور ابراہیم اسدی نے بھی خطاب کیا۔ اُن کا کہنا تھا گلگت بلتستان وہ بے آیین خطہ ہے جو کہ 67 سال سے تمام تر بنیادی حقوق سے محروم ہے، یہاں تک کہ یہاں کے لوگ پاکستان کے نیشنل الیکشن میں ووٹ تک کاسٹ نہیں کر سکتے، اس علاقے کے لوگ 67 سال سے پاکستان کی سخت ترین سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں لیکن نہ یہاں کے لوگ قومی اسمبلی کے ممبر بن سکتے ہیں اور نہ ہی سینیٹ کے ممبر بن سکتے ہیں، آخر یہ ظلم کب تک روا رکھا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہوا تو ایک نہ ختم ہونے والا بحران پیدا ہو جائے گا جس کے ذمہ دار موجودہ وفاقی و صوبائی حکمران ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 375593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش