QR CodeQR Code

فنکشنل اور ق لیگ میں انضمام،آل پاکستان مسلم لیگ کے قیام کا اعلان،شجاعت کا پگارا پر اظہار اعتماد

19 Sep 2010 14:03

اسلام ٹائمز:پیر پگارا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے دیگر دھڑے آپس میں ملیں نہ ملیں،ق لیگ اور ف لیگ آپس میں مل گئے ہیں،اب ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگیوں کو ایک دھڑے میں شامل کرنے کیلئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے،دیگر مسلم لیگی دھڑوں کو متحد ہونے کی دعوت دی جائے گی


کراچی:اسلام ٹائمز-پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنی جماعتوں کو ایک دوسرے میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ واضح کیا ہے کہ یہ صرف اتحاد نہیں بلکہ انضمام ہو گا۔انہوں نے نئی جماعت کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) تجویز کیا ہے۔چوہدری شجاعت حسین نے پیر پگارا کی قیادت پر مکمل اعتاد کا اظہار کیا اور انہیں نئی جماعت کی قیادت سنبھالنے کی درخواست کی۔چوہدری شجاعت حسین نے ہفتہ کو مسلم لیگ (ق) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پیر پگارا سے ان کی رہائش گاہ کنگری ہاؤس پر ملاقات کی۔ 
بعدازاں دونوں رہنماؤں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ مسلم لیگ کے دیگر دھڑے آپس میں ملیں نہ ملیں،ق لیگ اور ف لیگ آپس میں مل گئے ہیں،اب ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگیوں کو ایک دھڑے میں شامل کرنے کیلئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے،دیگر مسلم لیگی دھڑوں کو متحد ہونے کی دعوت دی جائے گی،تاکہ ملک کو بچایا جا سکے اور عوام کی خدمت کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی اتحاد میں شامل ہونا چاہے گا اس کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے ہم سے کوئی رابطہ ابھی تک نہیں کیا ہے،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر ہمارے ساتھ مل جائیں تو ان کیلئے بہتر ہو گا ورنہ وہ تنہا رہ جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الوقت کوئی نگراں سیٹ اپ نہیں بن رہا،جب بھی نگراں سیٹ اپ بنے گا،مجھ سے نہیں پوچھا جائے گا۔تاہم آئندہ حکومت ہماری ہو گی۔
 ان سے پوچھا گیا کہ کیا ملک میں انقلاب آ رہا ہے،تو پیر پگارا نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے،وہ انقلاب کے لئے بہت ہے۔فوج سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کا کردار وہی ہو گا،جو فوج کا ہوتا ہے،فوج ہمارے درمیان گھوم رہی ہے،جس کا ہمیں پتہ نہیں چل رہا۔انہوں نے کہا کہ میں حاکم نہیں،دوست اور خیرخواہ ہوں۔ 
بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب بلاول پیدا ہوا،تو ہم نے کہا تھا کہ وہ ہمارا ہے اور بلاول ہمارا رہے گا۔اعجاز الحق سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل کا بیٹا ہے،جو باپ نے کیا،وہ بیٹا کرے گا۔پیر پگارا سے پوچھا گیا کہ آپ نے بیان دیا تھا کہ الطاف حسین وطن واپس آئے تو اوپر چلے جائیں گے،لیکن ان کے قریبی ساتھی عمران فاروق کا لندن میں قتل ہو گیا ہے،پیر پگارا نے کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔چوہدری برادران سے مستقبل میں دوستی برقرار رہنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ دوستی میں ہر قسم کے تجربے ہوتے ہیں،جب میں نے مسلم لیگ کی قیادت سنبھالی تھی تو چوہدری شجاعت حسین کے والد مجھے لیکر گئے تھے،اب ان کا صاحبزادہ مجھے قیادت سونپنے آیا ہے۔
نئی سیاسی جماعت کے نام کے حوالے سے پیر پگارا نے کہا کہ یہ آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) ہو سکتی ہے۔پیر پگارا سے کہا گیا کہ یہ نام پرویز مشرف کی جماعت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا،ہماری جماعت کا نام متحدہ مسلم لیگ بھی ہو سکتا ہے۔ایک اور سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو متحدہ مسلم لیگ میں شامل کرنے کا فیصلہ مرکزی کونسل کرے گی۔ 
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کو جس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے،وہ انتہائی خطرناک ہے،اب بھی محب وطن قوتیں سامنے نہ آئیں،تو ملک کا الله حافظ ہے۔مسلم لیگ نے پاکستان بنانے کیلئے قربانیاں دیں اور اب وہ اسے بچانے کیلئے بھی قربانیاں دے گی،اس وقت مسلم لیگ کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے،جسے پورے ملک کے عوام کی حمایت حاصل ہو،اگر پیر پگارا قیادت فرمائیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا،ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے اور پیر صاحب کی قیادت میں آگے بڑھیں گے،تو ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ 
علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پاکستان پر اثرانداز ہوں گے۔پاکستان نے افغان صدر حامد کرزئی کی حمایت کا درست فیصلہ کیا ہے،پاکستان ہی امریکہ کو واپسی کا محفوظ راستہ فراہم کرنے کے علاوہ طالبان سے معاملات درست کرانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا کی رہائش گاہ کنگری ہاؤس پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق نگراں وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 37563

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/37563/فنکشنل-اور-ق-لیگ-میں-انضمام-آل-پاکستان-مسلم-کے-قیام-کا-اعلان-شجاعت-پگارا-پر-اظہار-اعتماد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org