QR CodeQR Code

نواز شریف 10 سے 15 مئی تک ایران کا سرکاری دورہ کریں گے، ذرائع

23 Apr 2014 15:32

اسلام ٹائمز: ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں پاک ایران اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کرینگے، جبکہ دورے میں پاک ایران گیس پائپ لائن، دو طرفہ تجارت اور افغانستان کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم نواز شریف آئندہ ماہ ایران کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے دورے کا مقصد پاک ایران اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا اور گیس پائپ لائن منصوبے کے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آئندہ ماہ دس مئی سے پندرہ مئی تک ایران کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے جس میں پاک ایران اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔ دونوں ملکوں کی قیادت باہمی اقتصادی تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کرے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران افغانستان کے موضوع پر بھی بات چیت کی جائے گی اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے مستقبل کا تعین بھی کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایران کو چاول سمیت اشیائے خوردنی کی سپلائی کی پیش کش کرے گا اور ایران سے اپنی ضرورت کا سامان منگوانے کے بارے میں مذاکرات کرے گا۔ ایران سے تین ہزار میگا واٹ بجلی درآمد کرنے کے سمجھوتے پر بھی وزیر اعظم نواز شریف دستخط کریں گے۔ دورے کا مقصد ایرانی سرحدی محافظوں کے اغواء کے واقعے کے حوالے سے ایران کے تمام گلے شکوے اور تحفظات دور کرنا بھی ہے۔ وفد میں متعلقہ وزراء اور عہدیدار موجود ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 375758

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/375758/نواز-شریف-10-سے-15-مئی-تک-ایران-کا-سرکاری-دورہ-کریں-گے-ذرائع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org