0
Thursday 24 Apr 2014 22:30

پی پی گلگت بلتستان کو بھی تھر بنانا چاہتی ہے، علامہ امتیاز کاظمی

پی پی گلگت بلتستان کو بھی تھر بنانا چاہتی ہے، علامہ امتیاز کاظمی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو بھی تھر بنانا چاہتی ہے، گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ 9 دنوں سے کھلے آسمان تلے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ وفاقی و صوبائی گورنمنٹ خاموش تماشائی بنے عوام کا استحصال کرنے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی نے لاہور پریس کلب پر گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم گلگت بلتستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کا فطری دفاع ہیں۔ وطن دشمن قوتیں اس علاقے میں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا کرنے کے درپے ہیں۔ ہم اُن ملک دشمنوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

مظاہرے میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلباء نے بھی شرکت کی، بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماء ساجد حسین اور شجاعت علی نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کو پاکستان دشمن کہہ کر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ نے عوام کی توہین کی ہے۔ پیپلز پارٹی کی موجودہ گلگت بلتستان حکومت نے سوائے کرپشن اور مہنگائی کے عوام کو کچھ نہیں دیا، اب گلگت بلتستان کے عوام اپنا حق ان کرپٹ عناصر سے چھین کر لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب فقط سبسڈی پر اکتفا نہیں کرینگے بلکہ ان چوروں لٹیروں کو عوامی احتساب کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 376151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش