0
Saturday 26 Apr 2014 21:30

سمیع الحق دہشتگردوں کی حمایت کر کے قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے،علامہ راغب نعیمی

سمیع الحق دہشتگردوں کی حمایت کر کے قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے،علامہ راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ مضبوط اور طاقتور پاک فوج ہی ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے جب تک پاک فوج مضبوط ہے اس وقت تک کوئی ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا پاک فوج کے حوالے سے میڈیا کی تنقید کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی، معروف صحافی حامد میر کا بزدلانہ کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لیکن میڈیا آزادی کے نام پر ملک کے وقار کی محافظ فوج اور آئی ایس آئی پر تنقید کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے پوری قوم حامد پر حملہ اور پاک فوج پر تنقید کے غم میں مبتلا ہے، قوم کو غم کی اس کیفیت سے نکالنے کے لئے ضروری ہے کہ ہر ادارہ اپنی حدود میں رہے کیونکہ مسائل اسی وقت پیدا ہوتے ہیں جب ادارے حدود سے نکلتے ہیں، میڈیا کی آزادی ضروری ہے لیکن ملکی آزادی سب سے پہلے ہے۔ یہ بات ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ اور نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات مدارس اہل سنت پاکستان علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے دشمنوں کو کچلنے کے لیے ریاستی طاقت کااستعمال کیا۔ افواج پاکستان کے خلاف مہم میں وزیر دفاع کا سب سے آگے ہونا افسوسناک ہے۔ مولانا سمیع الحق دہشت گردوں کی حمایت کر کے قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ دہشت گرد ڈسنے والے سانپ ہیں جنہیں حکومت مذاکرات کے نام پر دودھ پلا رہی ہے۔ پاکستان اور مسلم دشمن منشور کے اعلان سے نریندر مودی کے ناپاک عزائم ظاہر ہو گئے ہیں۔ کھیلوں پر حملوں میں بھارت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف وزیراعظم کے نادان دوست ہیں۔ مسلم لیگ ن کے خواجگان میاں نواز شریف کو لے ڈوبیں گے۔ حکمران پرانے بدلے چکانے کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کی بالادستی کی بات کرنے والے آئین کی صرف من پسند شقوں پر عمل کرتے ہیں۔ پورے آئین پر عمل کیا جائے تو آدھے ممبران پارلیمنٹ کو گھر بھیجنا پڑے گا۔ طالبان کے سرپرستوں اور ہمدردوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ سلامتی کونسل کے پانچ ارکان نے دنیا کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ بھارت میں پاکستان دشمنی کی بنیاد پر انتخابی مہم چل رہی ہے جس سے بھارت کا تعصب اور پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ قرآن و سنّت سے متصادم قوانین ختم کیے جائیں اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پارلیمنٹ میں پیش کر کے قانون سازی کی جائے۔ مولانا سمیع الحق دہشت گردوں کی کھلم کھلی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 376706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش