0
Sunday 27 Apr 2014 09:41

بھارت کشمیر میں ہماری ثقافت کو بھی ختم کرنا چاہتا ہے، چوہدری محمد یاسین

بھارت کشمیر میں ہماری ثقافت کو بھی ختم کرنا چاہتا ہے، چوہدری محمد یاسین
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے کھوئی رٹہ کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی ثقافت کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ میلہ کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کریں گے اور ہماری حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔ کھوئی رٹہ کا ثقافتی میلہ ریاست میں امن و بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے یہ میلہ ریاست کا سب سے بڑا یونٹ ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ میں بھی اس میلہ میں بچپن سے شرکت کرتا رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کھوئی رٹہ میں میلہ بیساکھی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نسل کشی کے ساتھ ساتھ ہماری ثقافت کو بھی ختم کرنا چاہتا ہے مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، کشمیری ثقافت پوری دنیا کے اندر مقبول ہے کشمیری مصنوعات کی ہر جگہ مانگ ہے۔ ریاست جموں و کشمیر کی ہزاروں سال تاریخ کے اندر کشمیری ثپوتوں نے جہاں اپنی آزادی کی جنگ لڑی وہاں انھوں نے اپنی تاریخ، ثقافت، تشخص اور اپنی تہذب و تمدن کا بھی بھرپور دفاع کیا۔ کھوئی رٹہ کا روایتی بیساکھی میلہ ریاست کے اندر تاریخی مقام رکھتا ہے اس میلہ میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کی غماز ہے کہ کشمیری ثقافت پسند قوم ہیں۔
 
انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جہاں ایک جمہوری تحریک کا نام ہے وہاں یہ ایک ثقافتی تحریک بھی ہے۔ پی پی پی کے ہر دور میں کشمیری تاریخ و ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ کھوئی رٹہ کی سرزمین زرخیز و مردم خیز ہے، یہاں کے ہونہار ثپوتوں نے زندگی کے ہر شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ 

تقریب سے مشیر حکومت محمد الیاس چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جہاں کشمیریوں کی نسل کشی کی وہاں کشمیر کی تاریخ کو مسنح کیا۔ کشمیر کے اندر مزارات، مساجد اور تعلیمی اداروں کو شہید کیا اور کشمیری تاریخ ثقافت کو ختم کرنے کی کوشش کی، وہاں اس نے کشمیر کے مسئلہ کو بین الااقوامی طور پر تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خودرادیت کو نظرانداز کر کے حل نہ کر نے کی بھی اپنی ہٹ دھرمی کو قائم رکھا۔ 

انھوں نے کہا کہ اقوام کی پہچان ان کی ثقافت سے بھی ہوتی ہے کشمیری دنیا کی وہ واحد قوم ہے جن کی اپنی خوبصورت ثقافت اور روایات ہیں۔ کشمیریوں نے اپنے تشخص کے لیے نسل در نسل قربانی دی اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔ 

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری مختار حسین، ایس پی کوٹلی چوہدری امین، ڈی ایس پی سردار غالب حسین، اسسٹنٹ کمشنر کھوئی رٹہ راجہ زاہد حسین، مسلم لیگ (ن) کھوئی رٹہ کے صدر راجہ عقیل احمد خان، پیپلز پارٹی حلقہ کھوئی رٹہ کے چوہدری فاضل زرگر، ریاض نوید بٹ ایڈووکیٹ، پبلک ریلیشن آفیسر وزیر تعلیم و کالجز آئی ٹی بورڈ ٹیوٹا عبدالقیوم چوہان، چوہدری شکیل رضا ایڈووکیٹ، چیئرمین میلہ کمیٹی ٹھیکیدار چوہدری محمد یوسف، یونین آف جرنلسٹس ضلع کوٹلی کے صدر سردار خالد آزاد اور آزاد پریس کلب کھوئی رٹہ کے صحافی بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 376799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش