0
Monday 28 Apr 2014 09:01

نام نہادبھارتی انتخابات تحریک آزادی کشمیرکو سرد نہیں کرسکتے، چوہدری عبدالمجید

نام نہادبھارتی انتخابات تحریک آزادی کشمیرکو سرد نہیں کرسکتے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات تحریک آزادی کشمیر کو سرد نہیں کر سکتے۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی اور مسلمہ حق ہے جسے اقوام متحدہ نے تسلیم کر رکھا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میرپور شہر اور ملحقہ سیکٹروں میں سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ شہریوں کو پینے کے صاف ستھرے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی اور شہر کی تمام سڑکوں کو پختہ کیا جائے گا۔ بیوٹیفکیشن آف میرپور پراجیکٹ کو جلد مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ میرپور کے دوران ڈویژنل و ضلعی افسران اور مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو شہر سے باہر شفٹ کرنے کے لیے رقبہ مختص کیا جائے گا۔ خالق آباد مسٹ یونیورسٹی تک ڈیول کیرج کو ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ مسٹ یونیورسٹی کا تعلیمی معیار بہتربنایا جائے اور میرٹ کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔ سرکاری نوکریوں میں ضلع وائز اور مہاجرین کوٹہ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا جب تک جان میں جان ہے عوامی فلاح و بہبود اور خطہ کی بلاتخصیص تعمیروترقی کے ایجنڈے پر کوئی رکاوٹ نہیں آنے دوں گا۔ اقتدار آنے جانے والی چیز ہے۔ غریب لوگوں کی فلاح و بہبود اور خدمت میرا مشن ہے۔ سرکاری افسران بھی خدائی خدمت کے جذبہ کو فروغ دیں تاکہ ریاست ترقی و خوشحالی کے ٹریک پر آ جائے۔
 
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر شوکت راجہ ایڈووکیٹ، پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما راجہ بلال اسلم، کمشنر میرپور ڈویژن سید ظہورالحسن گیلانی، ڈی جی ادارہ ترقیات راجہ محمد طارق، مسٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راجہ حبیب الرحمان کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آزاد کشمیر کو ماڈل ایجوکیشن اسٹیٹ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ میرپور میں ایشیاء کی جدید اسلامی یونیورسٹی اور کیڈٹ کالج تعمیر کریں گے۔ میرپور شہر میں تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے لیے شہر سے باہر ایک مخصوص رقبہ پر پلاٹ دیں گے تاکہ مقابلے کے رجحان کے باعث معیار تعلیم میں بہتری آ سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین منگلاڈیم کے جملہ مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سوئی گیس کی فراہمی کے سلسلہ میں رقم منظور ہو چکی ہے۔ 

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ سابقہ ادوار میں برادریوں اور قبیلوں کے نام پر لوگوں کو لڑایا جاتا رہا اور تعمیروترقی بھی برادریوں کے نام پر ہوتی رہی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے کوئی زبانی جمع و تفریق نہیں کی جو کام بھی کیے ہیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ آزادکشمیر میں ایک ہی وقت میں تین میڈیکل کالجز، یونیورسٹیوں، سکولوں اور کالجوں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر عوامی مفاد کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں ایجوکیشنل سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 376972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش