QR CodeQR Code

صوبائی حکومت تاحال جیل حملہ کیس کی رپورٹ منظر عام پر نہ لاسکی، فیصل کریم کنڈی

29 Apr 2014 01:11

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں بلدیاتی الیکشن مہم سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن دعویٰ اپوزیشن کا کرتے ہیں اور حکومت سے ملی منسٹریوں کے مزے بھی اڑا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی بھرپور حصہ لیگی۔ مرکز نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور خیبر پختونخواہ حکومت نے نوے روز میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے عوام سے وعدے کئے لیکن دونوں حکومتیں اپنے وعدوں کو پورا نہیں کر سکیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر ادارے کو عزت ملے۔ مولانا فضل الرحمن عوام کو کہتے ہیں کہ ہم اپوزیشن میں ہیں جبکہ دوسری طرف منسٹریاں لیکر بیٹھے ہیں اور اب وزارتوں کے انتظار میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی الیکشن مہم کے افتتاح کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے بلدیات میں ضلع کے امیدوار احمد کریم کنڈی، سابق ایم پی اے شائستہ خان بلوچ، ملک اقبال بم، فضل الرحمن ملتانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہمارے منظور شدہ ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے پی ٹی وی کے نیوز بیورو کو بند کر دیا ہے۔ میڈیا نے ہمیشہ ہمارا احتساب کیا۔ اب میڈیا موجودہ منتخب نمائندوں کا بھی احتساب کرے۔ وفاقی حکومت ہمارے دور میں لگائے گئے کنٹریکٹ ملازمین کو نکالنا چاہتی ہے۔ ہم اسکی ہر فورم پر مذمت کرینگے اور احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود ڈیرہ جیل پر حملہ کیس کی رپورٹ منظرعام پر نہ لا سکی اور نہ ہی انکے ذمہ داران کا تعین کیا جا سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو منتخب نمائندے علاقے کی ترقی کرینگے ہم انکا ساتھ دینگے۔ مل جل کر علاقے کی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں ڈیرہ ائیر پورٹ کو بحال کیا۔


خبر کا کوڈ: 377331

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/377331/صوبائی-حکومت-تاحال-جیل-حملہ-کیس-کی-رپورٹ-منظر-عام-پر-نہ-لاسکی-فیصل-کریم-کنڈی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org