0
Wednesday 30 Apr 2014 21:27
حامد میر پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ

جی بی قانون ساز اسمبلی میں فوج کیخلاف الزامات کی مذمت

جی بی قانون ساز اسمبلی میں فوج کیخلاف الزامات کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے 35ویں اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظو ر کی گئی، جس میں افواج پاکستان اور دفاعی اداروں کے خلاف من گھڑت الزامات کی مذمت کی گئی اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔ قرارداد ممبران صوبائی اسمبلی عبدالحمید خان، مولانا سرور شاہ اور ایوب شاہ نے مشترکہ طور پر پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کا یہ مقتدر ایوان مکمل یقین رکھتا ہے کہ مضبوط پاکستان کے لئے طاقتور فوج اور منظم دفاعی اداروں کی موجوددگی انتہائی ضروری ہے۔ حالیہ دنوں میں افواج پاکستان اور دفاعی اداروں کے خلاف بےبنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کرکے وطن عزیز کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں جو کہ قابل مذمت ہی نہیں بلکہ شرمناک بھی ہے۔ اس لئے یہ ایوان ان عناصر کی ایسی ملک دشمن حرکتوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے افواج پاکستان اور تمام دفاعی اداروں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ گلگت بلتستان بہادروں کی سرزمین ہے اور انکی جرات و شجاعت کی اعلٰی ترین مثال شہید لالک جان نشان حیدر کی صورت میں دنیا کے سامنے موجود ہے۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ یہاں کے عوام گلگت بلتستان کو وطن عزیز پاکستان کا اٹوٹ انگ سمجھتے ہیں اور اسی جذبے کے ساتھ ملک کے دفاع میں پیش پیش رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ گلگت بلتستان کے تمام فوجی جوان دفاعی خدمات کی انجام دہی پر فخر کرتے ہیں، لہٰذا یہ مقتدر ایوان افواج پاکستان سے فطری لگاؤ کے پیش نظر یہ اعادہ کرتا ہے کہ یہاں کی عوام ہمیشہ افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ قرارداد میں نامور صحافی حامد میر پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 378065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش