0
Wednesday 22 Sep 2010 11:18

امریکا مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں بھارت پر دباؤ ڈالے،شاہ محمود قریشی

پاکستانی پارلیمنٹ میں بےگناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد کی منظوری،بھارت کی ناراضی
امریکا مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں بھارت پر دباؤ ڈالے،شاہ محمود قریشی
نیویارک:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا مشرق وسطیٰ کی طرح مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں بھی بھارت پر دباؤ ڈالے۔کشمیر میں زیادہ دیر تک قبضہ برقرار رکھا جاسکتا ہے اور نہ ہی کشمیریوں کو حقوق سے محروم رکھا جاسکتا ہے۔نیویارک میں تھنک ٹینک کاؤنسل آن فارن ریلیشنز میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری حالیہ بے چینی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں صورتحال کی خرابی کا ذمہ دار اسلام آباد نہیں بلکہ نئی دلی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے،مگر اسے مقبوضہ کشمیر میں تسلط اور جبر ختم کرنا ہو گا۔ 
امریکا کو بھی چاہیے کہ جس طرح وہ مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے،اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھی بھارت پر اثر و رسوخ استعمال کرے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو بہت پہلے ہی تسلیم کر چکی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اِس معاملے پر اپنی ذمہ داری ادا کرے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ناصرف کشمیری عوام کو انصاف ملے گا،بلکہ خطے میں امن قائم کرنے میں بھی اہم ہو گا۔ کیونکہ دہشت گردی سیاسی اور سماجی ناہمواری سے ہی جنم لیتی ہے۔
پاکستانی پارلیمنٹ میں بےگناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف  قرارداد کی منظوری،بھارت کی ناراضی
اسلام آباد:مقبوضہ کشمیر کے معصوم اور بے گناہ شہریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پاس ہونے والی قرارداد مذمت پر بھارت نے شدید ناراضگی اور غم وغصے کا اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے داخلی معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں،بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وشنو پرکاش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بھارت کے داخلی امور میں مداخلت کا حق نہیں،ہم اس قرارداد کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کو چاہئے کہ وہ اپنے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں،دہشت گردی ،انتہاپسندی اور جمہوری معاملات سمیت دیگر مسائل کے حل پر توجہ دے،ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے،تاہم پاکستان کو بھی اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ اس کی سرزمین بھارت کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 37837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش