QR CodeQR Code

یوکرائن میں روسی مداخلت نیٹو کیلئے "فیصلہ کن لمحہ" ہے، چک ہیگل

4 May 2014 00:48

اسلام ٹائمز: واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب میں امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکہ کے فوجی اخراجات دیگر 27 نیٹو اتحادی ممالک کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہیں۔ چک ہیگل نے نیٹو اتحادیوں پر زور دیا کہ وزرائے خزانہ اور وزرائے دفاع کے اجلاس طلب کیے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ یوکرائن میں روس کی مداخلت نیٹو اتحادیوں کے لیے"فیصلہ کن لمحہ" ہے۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکہ کے فوجی اخراجات دیگر 27 نیٹو اتحادی ممالک کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہیں۔ چک ہیگل نے نیٹو اتحادیوں پر زور دیا کہ وزرائے خزانہ اور وزرائے دفاع کے اجلاس طلب کیے جائیں، تاکہ فوجی اخراجات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ حالیہ ہفتوں میں امریکی صدر براک اوباما، نائب صدر جوزف بائیڈن اور سیکرٹری خارجہ جان کیری نے نیٹو اتحادیوں پر دفاعی اخراجات میں اضافہ کرنے پر زور دیا ہے۔
 
ادھر یوکرائن کے مشرقی حصے کے بعض علاقوں میں ملکی فوج کی طرف سے مسلح علیحدگی پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کے دوران اوڈیسا شہر میں فسادات میں 50 افراد ہلاک اور کئی عمارتیں جلا دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق اوڈیسا میں اس عمارت میں آگ اس وقت لگی جب شہر میں کیف حکومت کے مسلح دستوں اور  باغیوں کے مابین جھڑپیں جاری تھیں۔ ان جھڑپوں میں کم از کم 4 افراد جبکہ عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم ازکم 31 افراد مارے گئے۔ مشرقی یوکرائن میں فوجی آپریشن گذشتہ روز شروع کیا گیا تھا، اس دوران مسلح باغیوں کے زیر کنٹرول شہر سلاویانسک کے مضافات میں کارروائی کی گئی تھی۔


خبر کا کوڈ: 379033

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/379033/یوکرائن-میں-روسی-مداخلت-نیٹو-کیلئے-فیصلہ-کن-لمحہ-ہے-چک-ہیگل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org