0
Sunday 4 May 2014 09:56

حالات کے دھارے کو بدلنے کے لیے نکلے ہیں، عبدالرشید ترابی

حالات کے دھارے کو بدلنے کے لیے نکلے ہیں، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حالات کا دھارا تبدیل کرنے کے لیے میدان عمل میں نکلی ہے عوام ان کا ساتھ دیں تاکہ ظلم کے نظام کو ختم کرکے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ نظام قائم کیا جائے۔ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ کشمیری امید رکھتے ہیں کہ سیاسی اور عسکری قیادت کشمیریوں کو ہندوستان کے مظالم سے آزادی دلوانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سدھن گلی کے دوران کارنر میٹنگز اور عوامی ایکشن کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

اس موقع پر امیر ضلع عثمان انور، سابق امیر ضلع باغ و سیاسی امور کمیٹی ضلع باغ کے چیئرمین نثار شائق، امیر حلقہ مولانا ہدایت اللہ، مولانا خورشید سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سدھن گلی عوامی ایکشن کمیٹی نے مسائل کے حل کے حوالے سے عبدالرشید ترابی سے ملاقات کی۔ 

خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مغربی استعمار نے تہذیبی ہدف بنا کر امت مسلمہ کو زیر بار کیا ہوا ہے ہر جگہ مسلمانوں کا خون گر رہا ہے، اپنی تہذیب کے غلبے کے لیے مغرب صف بستہ ہوکر امت پر حملہ آور ہے اور بدقسمتی سے امت مسلمہ کے حکمران امت کے ساتھ کھڑے ہونے کی بجائے طاغوتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے صف بستہ ہیں۔ بنگلہ دیش اور مصر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ مغرب اور ہندوستان کی ایماء پر حکمران کر رہے ہیں۔ فلسطین اور کشمیر میں ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ جہاد اور دہشت گردی کو غلط ملط کر کے جہاد کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ 

کشمیری اور فلسطینی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں ان کی مدد کرنے کی بجائے حکمران اور نام نہاد قیادت اپنا فرض نبھانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ اسلامی تحریکیں اور قیادت ہی عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہی ہیں اور حق کے علم کو لے کر مشکل حالات میں ڈٹی ہوئی ہیں، فتح ان کی ہو گی یہ اللہ کا وعدہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کو بھی ہمارے اسلاف نے اسلام کے لیے آزاد کروایا تھا لیکن تاحال ان کا مشن تشنہ ہے لیکن اس خطے میں حقیقی اسلامی انقلاب مقدر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان قرآن کے ساتھ جوڑیں اس کی تعلیمات اپنائیں اس کے راستے پر چلیں اسی کے ذریعے تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سدھن گلی سمیت حلقے کے دیگر مسائل کے حل کے لیے خدمت کے میدان میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں ہمارے ہوتے ہوئے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔ جماعت اسلامی نظام عدل قائم کرنے کے لیے نکلی ہے جب تک یہ نظام قائم نہیں ہو جاتا اس وقت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 379061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش