0
Monday 5 May 2014 09:49

عالمی کشمیر کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو گی

عالمی کشمیر کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو گی
اسلام ٹائمز۔ کشمیر انتخابات کا مسئلہ ہے یا حق خودارادیت کا؟ عالمی کشمیر کانفرنس آج روز اسلام آباد میں شروع ہو گی۔ کانفرنس کا اہتمام امریکہ میں کشمیریوں کی تنظیم کشمیر امریکن کونسل نے کیا ہے۔ کانفرنس کے میزبان کونسل کے چیرمین سردار زولفقار ہیں۔ کانفرنس میں آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان، وزیر اعظم چودھری عبدالمجید، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق، وفاقی وزیر احسن اقبال، مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید، سابق وفاقی وزیر بابر اعوان، طارق عظیم بھی شرکت کریں گے۔ 

آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ فاروق حیدر، سابق وزیراعظم آل مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے رہنما سردار خالد ابراہیم، جموں و کشمیر لبریشن لیگ کے سربراہ جسٹس (ر) مجید ملک، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یوسف نسیم، غلام محمد صفی اور دوسرے رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ بیرون پاکستان کشمیر کاز سے وابستہ کئی سرکردہ شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ اور محمد یاسین ملک سفری پابندیوں کے باعث کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ 

کانفرنس میں کشمیری اور عالمی ماہرین دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے تناظر میں مختلف امور کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔ کانفرنس میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، ممبران پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس اور امور کشمیر سے دلچسپی رکھنے والی سرکردہ شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ کشمیری امریکن کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نبی فائی کی کانفرنس میں شرکت متوقع ہے تاہم ڈاکٹر غلام نبی فائی تاحال پاکستان نہیں پہنچ سکے۔ 

کانفرنس کے اختتام پر متفقہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ سرینگر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو اسلام آباد پاکستان میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کیلئے مدعو کیا گیا تھا تاہم سفری دستاویزات نہ ہونے کی بنا پر وہ کانفرنس میں شرکت کیلئے نہیں آ پائیں گی۔ 

آسیہ اندرابی کو کانفرنس میں کلیدی خطبہ دینے کیلئے مدعو کیا گیا تھا تاہم سفری دستاویزات نہ ملنے کے بعد اب منتظمین نے انہیں کانفرنس میں ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ خطاب کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے سفری دستاویزات کیلئے پاسپورٹ آفس سے بھی رابطہ کیا تاہم ان کو یہ کہہ کر پاسپورٹ دینے سے انکار کر دیا گیا کہ انتظامیہ کی طرف سے ان کو ہند مخالف سرگرمیوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کو پاسپوت جاری نہیں کیا جا سکتا۔ آسیہ اندرابی اپنے کلیدی خطبے میں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے قابل عمل اپروچ پر بھی بات کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 379233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش