QR CodeQR Code

لاہور دہشتگردوں کے نشانے پر، طالبان کمانڈر معاویہ ابراہیم پہنچ گیا

5 May 2014 23:34

اسلام ٹائمز: ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر معاویہ ابراہیم نے دہشتگردی میں استعمال کرنے کیلئے 3 گاڑیاں بھی خرید لی ہیں جن کے ذریعے حساس دفاتر، خفیہ اداروں اور پولیس کے دفاتر قربان لائن، پولیس لائن، چوہنگ سنٹر، ایلیٹ فورس ٹریننگ سنڑ بیدیاں کو نشانہ بنائے جانیکا امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ طالبان نے جنگ بندی کی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد لاہور کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر معاویہ ابراہیم لاہور پہنچ گیا ہے۔ معاویہ ابراہیم کی لاہور آمد کی اطلاعات کے بعد شہر بھر میں سرچ آپریشن کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے اور آج بادامی باغ، گلبرگ، ماڈل ٹائون، گلشن راوی، ستوکتلہ اور کینٹ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا اور پانچ سو سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر معاویہ ابراہیم نے دہشتگردی میں استعمال کرنے کے لئے 3 گاڑیاں بھی خرید لی ہیں، جن کے ذریعے حساس دفاتر، خفیہ اداروں اور پولیس کے دفاتر قربان لائن، پولیس لائن، چوہنگ سنٹر، ایلیٹ فورس ٹریننگ سنڑ بیدیاں کو نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ حساس اداروں نے پولیس اور دیگر خفیہ ایجنسیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سکیورٹی ہائی الرٹ کر دیں۔ سرکاری دفتروں، پولیس کے اعلٰی افسران اور حساس اداروں کے دفاتر میں کسی بھی اجنبی کا داخلہ بند کر دیا جائے۔ ادارے کے شناختی کارڈز کو چیک کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور چوہدری محمد شفیق نے بھی پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، جن کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے اہم شہروں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 379511

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/379511/لاہور-دہشتگردوں-کے-نشانے-پر-طالبان-کمانڈر-معاویہ-ابراہیم-پہنچ-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org