0
Wednesday 7 May 2014 10:23

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو دھمکی آمیز خط موصول

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو دھمکی آمیز خط موصول
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس کے بعد پاکستان نے بھارت سے اپنے ہائی کمیشن کے اسٹاف کے لئے اضافی سکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھمکی آمیز خط پاکستانی ہائی کمیشن کو کچھ دن قبل موصول ہوا جس کے بعد بھارت میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھارتی دفتر خارجہ کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں خط کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے اور دھمکی آمیز خط کی تفتیش کرائی جائے تاکہ اصل محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔

دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خط بھیجنے والوں کا فی الحال پتا نہیں تاہم اس سے متعلق سکیورٹی اداروں کو آگاہ کرکے انہیں الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ تمام غیرملکی سفارت خانوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف کو بھی ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستان کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانے کی کوشش کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اور جب بھارت میں انتخابات لڑنے والے امیدوار ہی اپنی انتخابی مہم کو چمکانے کے لیے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگیں تو ہندو انتہا پسندوں کو اور بھی شے مل جاتی ہے۔ مسلمانوں اور پاکستان سے اپنی نفرت ظاہر کرنے کا بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کا حالیہ بیان ہی کافی ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں ہے اور اسے پکڑنے کے لئے اگر پاکستان میں آپریشن کرنے کی بھی ضرورت پڑی تو وہ اس سے گریز نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 379981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش