0
Wednesday 7 May 2014 10:45

مقبوضہ کشمیر میں بھی حق خودارادیت کیلئے ریفرنڈم کرایا جائے، لطیف اکبر

مقبوضہ کشمیر میں بھی حق خودارادیت کیلئے ریفرنڈم کرایا جائے، لطیف اکبر
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیر خزانہ منصوبہ بندی و ترقیات اور پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی میں انتخابات کا ڈرامہ استصواب رائے کا متبادل نہیں۔ سکاٹ لینڈ کی طرز پر مقبوضہ کشمیر میں بھی حق خودارادیت کیلئے ریفرنڈم کرایا جائے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ 9 مئی کو آرمی چیف کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی دو ٹوک حمایت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی جس میں تمام جماعتوں کی قیادت اور کارکنان شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر مبارک حیدر ، اسد حبیب اعوان ، صاحبزادہ شوکت وسیم ، جہانگیر مغل اور دیگر بھی موجود تھے۔  

انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے آئندہ ترقیاتی بجٹ میں اضافہ ہو گا، حکومت آزادکشمیر واپڈہ کی نادہندہ نہیں، وفاق سے طے شدہ معاہدے کے تحت واپڈا کو ساری ادائیگی کر دی گئی ہے۔ منگلا اور نیلم جہلم سمیت دیگر ہائیڈل پراجیکٹس کا تربیلا ڈیم کے برابر نیٹ ہائیڈل پرافٹ حاصل کرنے کے لئے وفاق کو تحریک کر رکھا ہے۔ چوہدری لطیف کا کہنا تھا کہ سکاٹ لینڈ تین سو سال سے برطانیہ کا حصہ ہے۔ اب سکاٹ لینڈ کے عوام نے پرامن جدوجہد کے ذریعے اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کیا ہے جس پر بغیر کسی عالمی ادارے کی قرارداد کے برطانیہ نے سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم کا اعلان کیا ہے۔
 
چوہدری لطیف نے کہا کہ یہ ریفرنڈم آئندہ دسمبر میں ہو گا جس میں سکاٹ لینڈ کے عوام برطانیہ کے ساتھ رہنے یا خودمختار رہنے کا فیصلہ کریں گے اس طرح کشمیر میں ریفرنڈم کیلئے بھی آوازبلند کی جائے اور اس مقصد کیلئے آرپار کی قیادت کو بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا اور دیار غیر میں مقیم کشمیریوں کو اس سلسلہ میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ 

چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کی حکومت آزاد خطہ میں تعمیروترقی، گڈگورننس کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ترقیاتی اور غیرترقیاتی بجٹ میں اضافے کیلئے وفاق کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد چاہتے ہیں لیکن اس کے لئے وسائل نہیں ہیں۔ 

ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ لبریشن سیل سے فارغ کیے گئے جیالوں کی فراغت میں میرا مشورہ شامل نہیں تھا۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہون گی لیکن اجتماعی طور پر دیانتداری کے ساتھ عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ مظفرآباد کی تعمیرنو مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 379987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش